کراچی،قائداعظم سے وابستہ یادگارمقامات کی سیکیورٹی میں اضافہ

کراچی: کوئٹہ میں بانی پاکستان کی رہائش گاہ پر کیے جانے والے دہشت گرد حملے کے بعد کراچی میں مزارقائد، قائداعظم ریذیڈنسی فلیگ اسٹاف ہائوس میوزیم، وزیرمینشن اورقائداعظم اکیڈمی پر اور ان کے اطراف حفاظتی انتظامات میں اضافہ کردیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق کوئٹہ کے قریب زیارت میں جمعے اور ہفتے کی درمیانی شب بانی پاکستان قائداعظم محمدعلی جناح کی آخری رہائش گاہ زیارت ریذیڈنسی پر کیے جانے والے دہشت گرد حملے کے بعد کراچی میں بھی بانی پاکستان سے وابستہ مقامات کے اطراف حفاظتی انتظامات میں اضافہ کردیاگیا۔ ڈی آئی جی سائوتھ زون ڈاکٹر امیرشیخ نے بتایاکہ سائوتھ زون میں میٹروپول پر واقع قائداعظم ریذیڈنسی فلیگ اسٹاف ہائوس میوزیم اورکھارادر میں واقع بانی پاکستان کی رہائش گاہ وزیرمینشن پر حفاظتی انتظامات بڑھادیے گئے ہیںانھوں نے بتایاکہ میٹروپول پر قائداعظم ریزیڈنسی فلیگ اسٹاف ہائوس میوزیم اور وزیرمینشن کے اطراف پولیس کے 6اہلکار تعینات کردیے گئے ہیں جو24گھنٹے ڈیوٹیاں سرانجام دیں گے جبکہ دونوں مقامات پر ایک ایک پولیس موبائل اور 2موٹر سائیکل سوار 4رینجرزاہلکار تعینات ہیں۔ انھوں نے بتایاکہ جن تھانوں کی حدود میں یہ مقامات واقع ہیں اس تھانے کے ایس ایچ او اور ڈی ایس پی کو واضح ہدایات دی گئی ہیں کہ وقفے وقفے سے ان مقامات کا دورہ کرکے حفاطتی اقدامات کوچیک کریں۔ انھوں نے بتایاکہ وہ خودبھی ان مقامات کا دورہ کرچکے ہیں اور سیکیورٹی کی صورتحال سے مطمئن ہیں۔ انھوں نے کہاکہ میٹروپول پر واقع قائداعظم ریزیڈنسی فلیگ اسٹاف ہائوس کی مزید سیکیورٹی کے لیے پاک فوج سے بھی درخواست کی گئی ہے جبکہ پولیس انٹیلی جنس فراہم کرنے والے تمام اداروں کے ساتھ رابطے میں ہے۔ ڈی آئی جی ایسٹ زون کیپٹن(ر) طاہرنوید نے بتایاکہ مزارقائد اور ایم اے جناح روڈ پر واقع قائداعظم اکیڈمی پر حفاظتی ا نتظامات سے متعلق انٹیلی جنس میں اضافہ کردیا گیاہے اور پولیس تمام قانون نافذکرنے والے اداروں سے مکمل رابطے میں ہے۔ انھوںنے بتایاکہ مزارقائد پر پاک بحریہ کے چاق وچوبند اہلکار اپنے فرائض انجام دے رہے ہیں لہٰذا یہاں دہشت گردی کا خطرہ کم ہے لیکن اس کے باوجود مزارقائد کے باہر انٹیلی جنس میں اضافہ کردیا گیاہے۔ دوسری جانب کوئٹہ میں بانی پاکستان قائداعظم کی آخری رہائش گا ہ زیارت ریزیڈنسی پر کیے جانے والے دہشت گرد حملے نے کراچی کے شہریوں کو تشویش میں مبتلا کردیا ہے۔ شہریوں نے مطالبہ کیاہے کہ مذکورہ مقامات پر فوری حفاظتی اقدامات کیے جائیں۔

تبصرے بند ہیں.