پاکستان بھارت سے آئی ٹی کی ملازمتیں اور کام چھین رہا ہے، بھارتی میگزین

کراچی: 

 بھارت سے شائع ہونے والے ایک مشہور جریدے نے اپنی حالیہ اشاعت میں کہا ہے کہ پاکستان بھارت سے آئی ٹی کی کم درجے کی ملازمتیں اور پروجیکٹ چھین رہا ہے۔

بھارتی میگزین آؤٹ لک نے یکم نومبر میں شائع ہونے والے ایک مضمون میں کہا ہے کہ حال ہی میں ایک امریکی فرم نے بھارتی علاقے نویڈا کی 125 ملازمتیں اسلام آباد منتقل کردی ہیں۔ مضمون میں کہا گیا کہ گزشتہ 2 برس سے بھارتی ملازمتیں بنگلہ دیش، فلپائن اور ملائیشیا منتقل ہورہی ہیں اور یہ ملک غیرملکی اداروں کو مزید کم تنخواہ پر کام کرنے کی ترغیب دے رہے ہیں، اب اس فہرست میں پاکستان بھی شامل ہوگیا ہے جو اس معاملے میں اپنا حصہ وصول کررہا ہے۔

پاکستان میں انفارمیشن ٹیکنالوجی اور سافٹ ویئر کی صنعت 3 ارب ڈالر کو چھو رہی ہے ۔ گزشتہ 4 برس اس کا حجم دوگنا ہوا ہے اور اگلے 2 سے 4 برس میں اس میں مزید 100 فیصد اضافہ ہوجائے گا تاہم پاکستان کی آئی ٹی مارکیٹ کا بھارت سے موازنہ کیا جائے تو پاکستان کے مقابلے میں یہ 51 گنا بڑی ہے ۔ بھارت میں آئی ٹی اور سافٹ ویئر مصنوعات کی فروخت 154 ارب ڈالر تک ہے جن میں سے 38 ارب ڈالر کی تجارت ملکی مصنوعات اور بقیہ 117 ارب ڈالر بیرونِ ملک برآمدات کی صورت میں شامل ہیں۔

پاکستان کی آئی ٹی صنعت کے لیے خوشخبری یہ ہے کہ اس کے بڑھنے کی رفتار خود بھارت سے بھی ذیادہ ہے، پاکستان میں اس کا اضافہ سالانہ 20 فیصد ہے جب کہ بھارت میں 7 سے 8 فیصد تک ہے

تبصرے بند ہیں.