دمشق: دمشق کے ضلع جوبر میں اتوار کو ایک پولیس اسٹیشن کے قریب کار بم دھماکے میں کم از کم9 شامی سیکیورٹی اہلکار ہلاک ہوگئے۔ یہ بات ایک مبصر نے بتائی ہے، انسانی حقوق کیلیے شامی مبصر گروپ کے ڈائریکٹر رمی عبدالرحمن نے غیر ملکی خبر رساں ادارے کو بتایا کہ جوبر کے پڑوس میں ایک پولیس اسٹیشن کے قریب ایک زوردار کار بم دھماکے کے بعد کم از کم 9 سرکاری فوجی ہلاک اور کئی شہری زخمی ہوگئے۔ شام کی افواج نے القصیر نامی علاقے میں جاری لڑائی میں ایک اہم علاقے کا کنٹرول حاصل کرلیا۔ادھر امریکی ریاست مشی گن کی ایک خاتون کے اہلِ خانہ کو تحقیقاتی ادارے ایف بی آئی نے مطلع کیا ہے کہ وہ شام میں باغیوں کے ہمراہ حکومتی فوج سے لڑائی میں ہلاک ہو گئی۔ دریں اثنا ء اقوام متحدہ نے القصیر میں جاری لڑائی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہاں کم ازکم1500 زخمی افراد کو فوری طبی امداد کی ضرورت ہے۔ ادھر لبنان اور شام کی سرحد کے قریب واقع قصیر میں دو ہفتے سے شام کی سرکاری فوج کا آپریشن جاری ہے۔ اس آپریشن کی وجہ سے وہاں کے ہزاروں رہائشیوں کو خوراک، پانی اور ادویات کی شدید کمی کا سامنا ہے۔
تبصرے بند ہیں.