کرپشن کیس، سری نواسن عارضی طور پر باہر، ڈالمیا میدان میں آگئے
چنئی: بھارتی کرکٹ کا تنازع حل ہونے کے بجائے مزید الجھ گیا، سری نواسن عارضی طور پر ذمہ داریوں سے الگ ہوگئے، بورڈ معاملات جگموہن ڈالمیا چلائیں گے۔ فکسنگ تحقیقات مکمل ہوتے ہی سری نواسن اپنے اختیارات واپس سنبھال لیں گے، انھوں نے دعویٰ کیا کہ کسی نے بھی ان سے مستعفی ہونے کا مطالبہ نہیں کیا، تمام معاملات خوش اسلوبی سے طے پاگئے ہیں، دوسری جانب اندرجیت سنگھ بندرا نے ورکنگ کمیٹی کے اجلاس کو ڈرامہ قرار دے دیا، ان کا کہناتھا کہ لوگ ان اقدامات سے مطمئن نہیں ہوں گے، سنجے جگدل اور اجے شرکے نے استعفیٰ واپس لینے سے انکار کردیا، نائب صدر ارون جیٹلی کا کہنا ہے کہ تمام تحقیقات 6 ہفتوں میں مکمل ہوجائیں گی۔ تفصیلات کے مطابق بھارتی کرکٹ کا تنازع حل ہونے کے بجائے مزید پیچیدہ ہوگیا ہے، داماد رگوناتھ میاپن کی فکسنگ اسکینڈل میں گرفتاری کے باوجود سری نواسن نے بی سی سی آئی کی صدارت سے مستعفی ہونے سے صاف انکار کردیا تاہم عارضی طور پر وہ اپنی ذمہ داریوں سے سبکدوش ہوگئے ہیں۔ جب تک فکسنگ معاملات کی انکوائری مکمل نہیں ہوتی وہ کرکٹ معاملات سے دور رہیں گے اس عرصے کے دوران کرکٹ ایسوسی ایشن آف بنگال کے صدر جگموہن ڈالمیا بورڈ کے روز مرہ کے امور چلائیں گے۔ یہ بھارتی کرکٹ تاریخ میں پہلی بار ہوا ہے جب کوئی صدر کسی بھی وجہ کی بنیاد پر اپنی ذمہ داریوں سے الگ ہوئے اور ان کی جگہ کسی اور نے لی۔ بی سی سی آئی کی جانب سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ سری نواسن نے اعلان کیا ہے کہ جب تک تحقیقات مکمل نہیں ہوجاتیں وہ کرکٹ معاملات سے دور رہیں گے، اس وقت تک بورڈ کے کام روز مرہ کی بنیاد پر جگموہن ڈالمیا نمٹائیں گے، کمیٹی نے سنجے جگدل اور اجے شرکے پر مکمل اعتماد کا اظہارکرتے ہوئے ان سے بورڈ کے وسیع تر مفاد میں اپنے استعفے واپس لینے کی ہدایت کی ہے۔
تبصرے بند ہیں.