تھرپارکر: تھرپارکر میں قومی اسمبلی اور صوبائی اسمبلی کے دو حلقوں کے سینتالیس پولنگ اسٹیشنوں پر دوبارہ پولنگ جاری ہے، تمام پولنگ اسٹیشنوں کو فوج کے حوالے کردیا گیا ہے، سیکیورٹی کے سخت ترین انتظامات کئے گئے ہیں۔ قومی اسمبلی کے حلقے دو انتیس تھرپارکر ون پر پیپلز پارٹی پارلمنٹیرینز کے فقیر شیر محمد بلالانی اور ارباب فواد رزاق کے درمیان مقابلہ ہوگا، این اے دوسوتیس تھرپارکر ٹو پر تحریک انصاف کے مخدوم شاہ محمود قریشی اور پیپلز پارٹی کے پیر نور محمد شاہ جیلانی مدمقابل ہیں۔ پی ایس باسٹھ ننگرپارکر پر پیپلز پارٹی کے مخدوم خلیق الزمان کا مقابلہ ارباب انورعلی اور پی ایس تریسٹھ چھاچھرو پرڈاکٹر غلام حیدر سیمجو کا مقابلہ پیپلز پارٹی کے دوست علی راہموں کے ساتھ ہوگا۔ ری پولنگ کے لیئے سخت سیکیورٹی کے انتظامات کئے گئے ہیں، فوج رینجرز اور پولیس کی نگرانی میں پریزیڈنگ افسران، عملے اورمیٹریل کو پولنگ اسٹیشنوں پر پہنچایا گیا۔ ری پولنگ میں چھیالیس ہزارپینسٹھ افراد سینتالیس پولنگ اسٹیشنوں پر اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے، ہر پولنگ اسٹیشن پر پندرہ فوجی، چھ رینجرز اور بیس پولیس اہلکار تعینات کئے گئے ہیں۔ امن و امان کی صورتحال بہتر بنانے کیلئے سانگھڑ، میرپورخاص اور عمرکوٹ اضلاع سے ایک ہزار پولیس اہلکاروں کی خدمات حاصل کی گئی ہیں۔ اس کے علاوہ کشمور کے حلقے حلقے پی ایس سترہ کے تین پولنگ اسٹیشنز پر بھی دوبارہ پولنگ ہو رہی ہے۔
تبصرے بند ہیں.