عراق میں کار بم دھماکے اورپرتشدد واقعات میں11 افراد ہلاک، متعدد زخمی
بغداد: عراق کے مختلف شہروں میں ہونے والے کار بم دھماکوں اور دیگر پرتشدد واقعات کے نتیجے میں 11 افراد ہلاک اورمتعدد زخمی ہوگئے جبکہ اقوام متحدہ نے عراق کی سیاسی قیادت پرزوردیا ہے کہ وہ اپنے باہمی تنازعات بات چیت کے ذریعے حل کریں۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق جمعرات کی صبح دارالحکومت بغداد کے شمال مشرقی علاقے میں ہونے والے کار دھماکے میں 4 افراد ہلاک جبکہ درجن سے زائد زخمی ہوگئے جس کے کچھ ہی دیر کے بعد شہر کے وسطی علاقے میں دو کار بم دھماکوں میں 2 افراد ہلاک جبکہ 14 زخمی ہوگئے، عراق اور اردن کی شاہراہ پر 2 پولیس اہلکاروں کو قتل کردیا گیا جبکہ موصل میں بھی خودکش کار بم دھماکے میں 3پولیس اہلکار ہلاک ہوگئے۔ اقوام متحدہ نے عراق میں جاری خونریزی کے بڑھتے واقعات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے سیاسی قیادت پر زور دیا ہے کہ ملک میں تشدد کے عنصر کو ختم کرنے کے لئے وہ اپنے باہمی تنازعات کو حل کریں۔ واضح رہے کہ عراق میں فرقہ وارانہ تشدد کے رجحان میں اضافہ ہورہا ہے اور گزشتہ ایک ہفتے کے دوران مختلف شہروں میں ہونے والے کار بم دھماکوں اور فائرنگ کے واقعات میں اب تک 170 افراد ہلاک جبکہ سیکڑوں زخمی ہوچکے ہیں، صرف گزشتہ روز ہی بغداد میں شادی کی تقریب میں ہونے والے دھماکے میں 28 افراد لقمہ اجل بن گئے تھے۔
تبصرے بند ہیں.