بکیز دھونی کو ہیلی کاپٹر، گیل کو راون اورمالنگا کو مکھی کہہ کرمخاطب کرتے ہیں، بھارتی پولیس
ممبئی: بھارتی پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ اسپاٹ فکسنگ میں ملوث افراد کھلاڑیوں اور ایک دوسروں کو خفیہ ناموں سے بلاتے ہیں تاکہ پولیس کو چکمہ دیا جاسکے۔ اسپاٹ فکسنگ اسکینڈل کے منظر عام پر آنے کے بعد ہر روز نت نئے انکشافات ہورہے ہیں، ممبئی اور نئی دہلی پولیس نے بکیوں اور دیگر گرفتار ملزمان کے درمیان ہونے والی فون کالز اور وندو دارا سنگھ سے تفتیش کے بعد یہ انکشاف کیا ہے کہ اسپاٹ فکسنگ میں ملوث افراد کھلاڑیوں اور ایک دوسرے کو مختلف عرفیت سے بلاتے ہیں تاکہ پولیس کی جانب سے فون کالز ٹیپ ہونے کی صورت میں انہیں زیادہ تفصیلات کا پتہ نہ چل سکے، بھارتی کپتان مہندرا سنگھ دھونی کو ہیلی کاپٹر، کرس گیل کو راون ، مالنگا کو مکھی، سری سانتھ کو روترو اور یووراج سنگھ کو ماڈل کہا جاتا ہے جب کہ سری نواسن کے داماد گوروناتھ میامن کو گوروجی اور وندو کا نام جیک رکھا گیا ہے۔ دوسری جانب دہلی پولیس نے اسپاٹ فکسنگ کیس میں بکی کی جانب سے سری سانتھ کو دیئے گئے ساڑھے پانچ لاکھ روپے کی رقم اس کے قریبی دوست ابھیشیک شکلا سے برآمد کرلی ہے،پولیس کے مطابق سری سانتھ نے 10لاکھ روپے بکیوں سے وصول کئےتھے جن میں سے چارلاکھ روپے سے بلیک بیری، آئی فونزاور مہنگی جینز کی پینٹیں پہلے ہی برآمد کی جاچکی ہیں۔
تبصرے بند ہیں.