پی سی بی کا آج ہونے والا جنرل باڈی اجلاس منسوخ

کراچی: اسلام آباد ہائی کورٹ کی جانب سے 13 جون تک کام سے روکنے کے بعد چیئرمین کے بغیر پی سی بی کے گورننگ بورڈ کا مختصراجلاس منعقد ہوا۔ عدالتی حکم کی روشنی میں بدھ کوجنرل باڈی اجلاس ملتوی کردیا، ذکا اشرف نے کہا ہے کہ ہم عدالتی حکم کا احترام کرتے ہیں تاہم عبوری حکم امتناعی کے خلاف قانون کا دروازہ کھٹکھٹایا جائے گا، بورڈ کے قانونی مشیر تفضل رضوی کا کہنا ہے کہ عدالتی فیصلے کی پابندی کرینگے لیکن عدلیہ کے روبروحقائق پیش کیے جائیں گے۔ تفصیلات کے مطابق منگل کو ذکا اشرف کی زیرصدارت مقامی فائیو اسٹارہوٹل میں پی سی بی کے گورننگ بورڈ کا اجلاس شیڈول اور 9 میں 8 ارکان شرکت کے لیے موجود تھے، تاہم اسلام آباد ہائی کورٹ کی جانب سے چیئرمین پی سی بی کو آئندہ سماعت تک ذمہ داریاں ادا کرنے سے روکنے کے عدالتی حکم پر ہوٹل میں ہلچل مچ گئی۔ بعد ازاں گورننگ بورڈ کا مختصر اجلاس منعقد ہوا جس میں ذکا اشرف شریک نہیں ہوئے، اجلاس میں اتفاق رائے سے بدھ کو اسی ہوٹل میں ہونے والے بورڈ کے جنرل باڈی اجلاس کو ملتوی کرنے کا فیصلہ کیا گیا، اس میں شرکت کیلیے متعدد ڈسٹرکٹ ایسوسی ایشنز کے نمائندے ہوٹل پہنچ چکے تھے، دریں اثنا میڈیا سے مختصر گفتگو میں ذکا اشرف نے کہا کہ مجھے عدالتی حکم کا علم ہوا لیکن اس حوالے سے تحریری طور پر کوئی اطلاع نہیں ہے،ہم عدلیہ کا احترام کرتے اور اس کے حکم کی تعمیل کی جائیگی، ہم اس حوالے سے قانونی راستہ اختیار کریں گے۔ دوسری جانب بورڈ کے قانونی مشیر تفضل رضوی نے موقف اختیار کیا کہ بورڈ عدالتی فیصلے پر عمل کرنے کا پابند ہے لیکن عدالت کے روبرو کیس مکمل طور پر پیش نہیں کیا گیا، چنانچہ ہم درست حقائق سامنے رکھیں گے اور اس کی روشنی میں عدالت جو بھی فیصلہ کرے گی وہ قابل قبول ہوگا۔

تبصرے بند ہیں.