لیاری میں گینگ وار کے 2 ملزم پولیس مقابلے میں ہلاک، شہرمیں آج ہلاکتوں کی تعداد 6 ہوگئی
لیاری میں مبینہ پولیس مقابلے کے دوران عزیر بلوچ گروپ کے دو کارندے ہلاک ہوگئے جبکہ آج شہر کے مختلف علاقوں میں فائرنگ اور دیگر پرتشدد واقعات میں ہلاک افراد کی تعداد 6 ہوگئی۔ لیاری کے علاقے چاکیواڑہ میں پولیس اور گینگ وار کے ملزمان کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں گینگ وار کے 2 اہم ملزم اعجاز الحق عرف حسین اور دلشاد عرف میمن ہلاک ہوگئے، دونوں کا تعلق عزیز بلوچ گروپ سے تھا، ملزمان کی لاشوں کو سول اسپتال منتقل کر دیا گیا جہاں سے ضابطے کی کارروائی کے بعد لاشیں لواحقین کے حوالے کردی گئی ہیں۔ نیوکراچی تھانے کی حدود میں سلیم سینٹر کے قریب نامعلوم ملزمان نے موٹرسائیکل سواروں نے میاں بیوی پر فائرنگ کردی، جس کے نتیجے میں دونوں موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے مقتول جوڑے کی شناخت منیر حسین اور رضیہ حسین کے نام سے ہوئی ہے، لیاقت آباد میں نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے شہاب الدین نامی شخص کو موت کی نیند سلادیا ، پیرآباد تھانے کی حدود میں پراچہ چوک کے قریب ملزمان نے فائرنگ کر کے نوجوان کو قتل کر دیا ہے۔ دوسری جانب شہر کے مختلف علاقوں میں جاری کارروائیوں کے دوران درجنوں افراد کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے اسلحہ اور منشیات برآمد کرلیں ہیں، ڈی آئی جی ضلع شرقی کراچی منیرشیخ کے مطابق ایسٹ زون کے مختلف علاقوں سے 33 ملزمان کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے اسلحہ اور منشیات برآمد کرلیں گئی ہیں اس کے علاوہ ضلع جنوبی، غربی اور ملیر سے بھی کئی مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا گیا ہے جن سے تفتیش کی جارہی ہے۔
تبصرے بند ہیں.