ڈرون حملوں سے متعلق عدالتی فیصلے پرعملدرآمد نہ ہونے پروزیراعظم کے خلاف درخواست دائر

ڈرون حملوں سے متعلق عدالتی فیصلے پر عملدرآمد نہ ہونے پر جے یو آئی (س) کے سربراہ مولانا سمیع الحق نے ہائی کورٹ میں وزیراعظم کے خلاف توہین عدالت کی درخواست دائر کرادی ہے۔ پشاور ہائی کورٹ میں مولانا سمیع الحق کی جانب سے دائر درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے عدالت عالیہ نے ڈرون حملے،نیٹو سپلائی بند کرنے کے احکامات جاری کیے تھے، اپنے فیصلے میں ہائی کورٹ نے ڈرون حملوں کو جنگی جرائم قرار دیتے ہوئے ہدایت کی تھی کہ حکومت معاملے کو سلامتی کونسل میں اٹھائے تاہم حکومت عدالتی احکامات پرعمل درآمد نہیں کررہی، اس لئے استدعا ہے کہ عدالتی احکامات پر عمل درآمد نہ کرنے کا نوٹس لیا جائے۔ واضح رہے کہ 9 مئی 2013 کو چیف جسٹس دوست محمد خان اور جسٹس مسرت ہلالی پر مشتمل پشاور ہائی کورٹ نے اپنے فیصلے میں کہاتھا کہ ڈرون حملے جنیوا کنونشن اور بنیادی انسانی حقوق کی کھلی خلاف ورزی ہیں۔ وزارت خارجہ حملوں کے خلاف قرار داد تیار کر کے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے منظور کرائے۔

تبصرے بند ہیں.