ملک کے مختلف شہروں میں موبائل فون سروس بحال ہونا شروع

ملک کے مختلف شہروں میں یوم عاشور کے موقع پر معطل کی گئی موبائل فون سروس بحال ہو نا شروع ہو گئی ہے۔ یوم عاشور پر سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر ملک کے 80 شہروں میں موبائل فون سروس کو بند کردیا گیا تھا جو اب جزوی طور پر بحال ہونا شروع ہوگئی ہے۔ پنجاب کے مختلف شہروں ملتان، مظفر گڑھ، چیچہ وطنی، ساہیوال، رحیم یارخان، شجاع آباد، فیصل آباد اور سمندری میں سروس مکمل جب کہ راولپنڈی میں جزوی طور پر بحال گئی ہے۔ دوسری جانب وزیرقانون پنجاب رانا ثناءاللہ کا کہنا ہے کہ یوم عاشور پر حساس اداوں کی جانب سے دہشتگردی کی رپورٹس موصول ہوئی تھیں جس کے بعد موبائل فون سروس کو بندکرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ لاہور میں موبائل فون سروس رات 12 بجے بحال ہو گی۔ واضح رہے کہ ملک بھر میں یوم عاشور کے موقع پر تخریب کاری کے خدشات کے باعث 9 اور 10 محرم الحرام کو ملک کے 80 شہروں میں موبائل فون سروس معطل رکھنے کا فیصلہ کیا گیا تھا جبکہ سیکیورٹی کے بھی انتہائی سخت انتظامات کئے گئے۔

تبصرے بند ہیں.