ٹی 20 کوالیفائر، نیپال نے مضبوط حریفوں کیلیے کمر کس لی

نیپال نے آئی سی سی ورلڈ ٹوئنٹی20 کوالیفائر میں مضبوط حریفوں سے ٹکرانے کیلیے کمر کس لی۔ نیپالی کرکٹ ٹیم کے کپتان پارس کھاکڈا نے کہا کہ ہمارا مقصد کوالیفائر میں مضبوط ٹیموں کو شکست دیکر آئندہ برس بنگلہ دیش میں شیڈول میگا ایونٹ میں جگہ بنانا ہے، یواے ای کے مختلف وینیوز پر 15 نومبر سے شروع ہونے والے کوالیفائر ٹورنامنٹ میں نیپال کو گروپ ’بی‘ میں افغانستان، نیدرلینڈز، اسکاٹ لینڈ، کینیا، برمودا، ڈنمارک اور پاپوا نیوگنی کے ساتھ شامل رکھاگیا ہے، پارس کا مزید کہنا تھا کہ ہماری ٹیم نے ایونٹ کی تیاریوں کے پیش نظر اپنی فٹنس اور مہارت کو بہتر بنانے پر مکمل دھیان دے رکھا ہے۔ایونٹ کیلیے ہمارے پلیئرز گذشتہ دو ماہ سے سخت محنت جاری رکھے ہوئے ہیں، ہم بھارت کا دورہ بھی کیا ہے، جہاں پر دہلی میں بھی ہمیں چند پریکٹس میچز کھیلنے کا موقع ملا ہے، انھوں نے مزید کہا کہ ہماری ٹیم میں انڈر19 سیٹ اپ سے بھی چند نئے پلیئرز آئے ہیں، اسی طرح چند پلیئرز انڈر 23 کے بھی اس مرتبہ ملک کی نمائندگی کا اعزاز پائیں گے، مضبوط بیٹنگ لائن کے ساتھ ہمیں چند آل رائونڈرز کا ساتھ بھی میسر ہے، اس مرتبہ پارس کو امید ہے کہ ان کی ٹیم کوالیفائنگ ایونٹ میں بڑی ٹیموں کو ٹف ٹائم دینے کی صلاحیت رکھتی ہے، ہم ٹاپ پوزیشن پانے کیلیے شدت سے خواہش رکھتے ہیں تاکہ آئندہ برس ورلڈ کپ میں ہمیں آئی سی سی کے فل ممبران سے بھی کھیلنے کا موقع مل سکے، نیپال اپنی مہم کا آغاز 15 نومبر کو ڈنمارک کیخلاف میچ سے کریگا۔

تبصرے بند ہیں.