ایشیا کپ، بھارت ،کوریا اور ملائیشیا خطرہ ہوں گے، طاہر زمان

لاہور: ایشیا کپ کے لیے قومی ہاکی ٹیم کے کھلاڑیوں نے رپورٹ کردی، باقاعدہ کیمپ کا آغاز پیر کو نیشنل ہاکی اسٹیڈیم لاہور میں ہوگا۔ کیمپ کمانڈنٹ چوہدری اختر رسول کو رپورٹ کرنے والے 25کھلاڑیوں میں عمران بٹ‘ عمران شاہ، مظہر عباس، محمد عرفان، محمد عتیق،کاشف علی، خالد بھٹی، رضوان جونیئر، محمد توثیق، راشد محمود، فرید احمد، عامر شہزاد، وقاص شریف، شفقت رسول، زوہیب اشرف، عبدالحسیم خان، رضوان سینئر، شکیل عباسی، علی شان، محمد عمر بھٹہ، محمد دلبر، محمد زبیر اور محمد سلمان حسین شامل ہیں، وسیم احمد نے بھی رپورٹ کردی ہے تاہم کندھے کی انجری کے باعث ہو ٹریننگ کا فیصلہ ڈاکٹر سے مشاورت کے بعد کریں گے، سابق کپتان نے  بتایا کہ انجری مسائل سے کافی حد تک چھٹکارا پا چکا ہوں، لیکن کیمپ میں ٹریننگ کے باقاعدہ آغاز کا فیصلہ اپنے معالج ڈاکٹر میثاق رضوی سے ملاقات کے بعد کروں گا۔انھوں نے کہا کہ اس ضمن میں پیر کو اپنے معالج سے ملوں گا، وہ جو بھی مشورہ دیں گے اس پر عمل کروں گا۔ وسیم احمد نے امید ظاہر کی کہ وہ آئندہ چند روز تک مکمل صحت یاب ہوکر باقاعدہ ٹریننگ کا آغاز کردیں گے۔ یادرہے کہ کیمپ 19اگست تک جاری رہے گا، ہاکی ٹیم 21اگست کو ایشیاکپ کیلیے ملائیشیاکے شہر ایپوہ روانہ ہوگی۔ پاکستان ہاکی ٹیم کے کوچ طاہر زمان کا کہنا ہے کہ پاکستان نے ورلڈ ہاکی لیگ میں میگاایونٹ کے لیے کوالیفائی کرنے کا سنہری موقع گنوا دیا، اب ٹیم 24 اگست سے ایپوہ ملائیشیا میںشروع ہونے والے ایشیا کپ میں سرخرو ہونے کی کوشش کریگی۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے طاہر زمان نے کہا کہ ٹیم کے پاس ایشیا کپ کو جیت کر ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائی کرنے کا آخری موقع ہے، پاکستان کی ٹیم نے حال ہی میں ہونے والے ورلڈ ہاکی لیگ ٹورنامنٹ میں حصہ لینے والی8 ٹیموں میں ساتویں پوزیشن حاصل کی۔انھوں نے کہا کہ کیمپ کے دوران میری کوشش ہو گی کہ قومی ٹیم کے پنالٹی کارنر اور ڈیفنس کے شعبہ پر میں بہتری پرکام کرکے اسے مضبوط بناؤں اور ٹیم کے بہترین کمبی نیشن کی تشکیل میں مدد دوں جس کے بعد ہم اپنی ٹیم سے ایشیا کپ میں بہترین کارکردگی کی امید کر سکتے ہیں۔انھوں نے کہا کہ کوریا اور ملائیشیا، جنھوں نے پاکستان کو ہاکی لیگ میں شکست دی وہ روایتی حریف بھارت کے ساتھ ساتھ بڑا خطرہ ہیں۔

تبصرے بند ہیں.