مہنگائی 0.38 فیصد کم ہوگئی، پاکستان بیورو شماریات کا دعویٰ

کراچی: پاکستان بیوروشماریات (پی بی ایس) نے دعویٰ کیا ہے کہ ملک میں گزشتہ ہفتے مہنگائی کی شرح میں 17 اشیا کی قیمتیں بڑھنے کے باوجود 0.38 فیصد کمی ہوگئی۔ جمعہ کو جاری کردہ ہفتہ وار اعدادوشمار کے مطابق 18 جولائی کو ختم ہونے والے ہفتے کے دوران سب سے زیادہ ریلیف 35 ہزار روپے سے زیادہ ماہانہ آمدنی سے افراد کو 0.46 فیصد ملا تاہم 8ہزار ماہانہ تک کمانے والوں کو بھی 0.18 فیصد فائدہ ہوا جبکہ 12 ہزار روپے آمدنی والوں کے لیے مہنگائی میں 0.26 فیصد، 18 ہزار تک کمانے والوں کے لیے 0.34 فیصد اور 35 ہزار ماہانہ آمدنی والوں کے لیے مہنگائی کی شرح میں 0.41 فیصد کمی ہوئی۔ اعدادوشمار کے مطابق گزشتہ ہفتے سالانہ بنیادوں پر مہنگائی کی شرح میں مجموعی طور پر 8.37 فیصد اضافہ ہوا جبکہ ہفتہ وار بنیادوں پر افراط زر کی شرح میں 0.38 فیصد کمی ہوئی۔پاکستان بیوروشماریات کے مطابق گزشتہ ہفتے کیلے، دال کی پکی پلیٹ، آٹے، گائے کے گوشت کی پکی پلیٹ، گندم، دال مونگ، لاہوری نمک، دہی، لہسن، ڈبل روٹی سادہ، آلو، تازہ دودھ، لانگ کلاتھ، گائے کے گوشت، شرٹنگ اور دال مسور کی قیمتوں میں اضافہ ہوا جبکہ 14 اشیا کے نرخ کم ہوگئے جس میں ٹماٹر، زندہ مرغی، پیاز، سرخ مرچ پسی ہوئی، دال چنا، اری6چاول، انڈے، ایل پی جی، چینی، مٹی کا تیل، باسمتی ٹوٹا چاول، ویجیٹیبل گھی کھلا، سرسوں کا تیل اور دال ماش شامل ہیں، اس کے علاوہ تیل (ٹن)، گھی (ٹن)، بکرے کے گوشت، چائے، لان، جارجٹ سمیت 22اشیائے ضروریہ کی قیمتیں پرانی سطح پر برقرار رہیں۔

تبصرے بند ہیں.