6 ریڈ اسنوکر؛ عالمی چیمپئن آصف چاروں شانے چت ہوگئے

کراچی: تھائی لینڈ کے شہر بنکاک میں جاری 6 ریڈ عالمی اسنوکر چیمپئن شپ میں عالمی چیمپئن محمد آصف چاروں شانے چت ہوگئے۔ راؤنڈ رابن لیگ میں شریک ایک اور پاکستانی کیوئسٹ محمد ماجد علی بھی بُری طرح ناکام ہونے کے بعد ایونٹ سے باہر ہوگئے، موصولہ اطلاعات کے مطابق بدھ کو چیمپئن شپ کے تیسرے دن اپنے چوتھے میچ میں بھی عالمی چیمپئن خاص کارکردگی کا مظاہرہ نہ کر سکے اور مسلسل شکست کو گلے لگائے رکھا، گروپ ایچ میں محمد آصف نے ویلز کے اینڈریو پیگٹ کے خلاف کچھ مزاحمت کی لیکن حریف نے 5-4 سے کامیابی حاصل کرکے عالمی چیمپئن کو واپسی کا ٹکٹ حاصل کرنے پر مجبور کردیا۔پاکستان کے دوسرے کھلاڑی اور ایشین جونیئر نمبر 2 محمد ماجد علی بھی عالمی چیمپئن کے نقش قدم پر چلتے ہوئے اپنے چوتھے میچ میں مسلسل ناکامی سے ہمکنار ہوئے، وہ گروپ ایف میں ویلز کے کیوئسٹ کا شکار بنے، میتھیو ہیگنسز نے یہ مقابلہ5-2 سے جیت کر پاکستانی امیدوں پر پانی پھیر دیا

تبصرے بند ہیں.