یونس کے کارنامے پر ظہیر عباس کا سر بھی فخر سے بلند

ابو ظبی: یونس خان کے کارنامے نے سابق اسٹار ظہیر عباس کا سر بھی فخر سے بلند کر دیا، آئی سی سی کے موجودہ صدر کا کہنا ہے کہ اسٹار بیٹسمین 10 ہزار سے زیادہ رنز بنا سکتے ہیں، وہ لیجنڈ اور پورے ملک کو ان پر ناز ہے، انھوں نے یونس اور میانداد کے درمیان موازنے سے گریز کیا۔

تفصیلات کے مطابق شیخ زید اسٹیڈیم میں پاکستانی صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ظہیرعباس نے کہا کہ یونس خان لیجنڈ ہیں، انھوں نے جو کارنامہ انجام دیا اس پر پورے پاکستان کو ناز ہے، سابق کپتان نے مزید کہا کہ یونس خان کیلیے ٹیسٹ میں 10ہزار رنز کی تکمیل بھی مشکل نہیں ہے، جس انداز سے وہ کھیل رہے ہیں مجھے امید ہے کہ مزید کئی ہزار رنز اسکور کریں گے۔

ایک سوال پر ظہیر عباس نے کہا کہ لوگ کہتے ہیں کہ پرانے زمانے کی کرکٹ زیادہ مشکل تھی اب ایسا نہیں ہے، میں اس حوالے سے یہی کہوں گا کہ ریکارڈز پر رنز درج ہوتے ہیں یہ نہیں کہ اننگز کیسے حالات میں کھیلی تھی، انھوں نے کہا کہ جاوید میانداد اور یونس خان کا موازنہ نہیں کیا جا سکتا، میں صرف اتنا کہوں گا کہ دونوں ہی عظیم بیٹسمین ہیں، ایشین بریڈمین نے آئی سی سی میٹنگز کے حوالے سے اظہار خیال کرنے سے گریز کیا۔

تبصرے بند ہیں.