ہربھجن اور چنئی سپر کنگز کے 3 پلیئرز سے جلد تفتیش ہوگی
ممبئی: ممبئی کرائم برانچ اسپاٹ فکسنگ کیس میں ہربھجن سنگھ اور چنئی سپر کنگز کے تین کھلاڑیوں سے جلد تفتیش کریگی۔ ان چاروں کا گرفتار شدہ آفیشل گروناتھ میاپن کے ساتھ قریبی تعلق رہا، حکام یہ جاننا چاہتے ہیں کہ بی سی سی آئی چیف کے داماد نے ان سے کبھی کوئی غلط کام کرانے کی کوشش تو نہیں کی، پوچھ گچھ کے دوران میاپن نے پولیس کو بتایا کہ وندو نے ان سے ممبئی انڈینز کے ہربھجن کو فکسنگ پر مائل کرنے کا کہا تھا، ایک آفیسر نے میڈیا کو بتایا کہ چند پلیئرز کا بیان ریکارڈکرنے سے قبل ہم قانونی نکات کا جائزہ لے رہے ہیں، کرائم برانچ نے چنئی کے ایک ہوٹل اونر وکرم اگروال کو جمعے کے روز طلب کیا ہے، اس سے اہم معلومات حاصل ہو سکتی ہیں، گوکہ وندو اور میاپن دونوں نے ہی وکرم کے کیس میں کسی کردار کی تردید کی، مگر اس کے بکیز سنجے جے پور، پوون جے پور اور چندریش عرف جوپیٹر سے ٹیلی فونک رابطوں نے پولیس کو شک میں مبتلا کیا۔کئی کھلاڑی بھی متواتر اس کے ہوٹل میں جاتے رہے ہیں، وکرم نے اپنی اہلیہ کے نام سے سم کارڈ خرید کر بکیز کو کالز کیں، آئی پی ایل کے دنوں میں گرفتار شدہ بکی اتم لال جین عرف کٹی سے بھی وکرم کے کئی بار رابطے کا علم ہوا۔ دریں اثنا وندو دارا سنگھ کی جانب سے معروف کرکٹرز اور ایک امپائرکو بھی لڑکیاں فراہم کرنے کا انکشاف ہوا ہے، ممبئی پولیس کو شہر کے ایک ہوٹل سے سی سی ٹی وی فوٹیج موصول ہوئی جس میں وندو کھلاڑیوں کو میچ فکسنگ پر آمادہ کرنے کیلیے معروف ماڈلز اور کال گرلز کو ان کے پاس بھیج رہا ہے، اس نے ہر لڑکی کو اس کیلیے ایک لاکھ روپے فی شب ادا کیے، الزام ثابت ہونے پر ان کی مشکلات میں مزید اضافہ ہو جائیگا، وڈیو میں وندو کے ساتھ بکی پوون بھی موجود تھا، اس پر ویسٹ انڈین اسٹار کرس گیل کو ساڑھے چار لاکھ روپے کی گولڈ چین دینے کا بھی الزام ہے۔
تبصرے بند ہیں.