گراں فروش سرگرم ؛ عید قریب آتے ہی پیاز ، ادرک ، لہسن اور ہرا مصالحہ مہنگا کر دیا گیا

کراچی: عیدالالضحیٰ قریب آتے ہی شہر میں گراں فروشی کا بازار گرم ہوگیا ہے، قربانی کے گوشت سے پکوان بنانے کے لیے مصالحہ جات پیاز، ادرک، لہسن، ہرے مصالحے کی خریداری بڑھ گئی ہے ۔

جس سے فائدہ اٹھاکر گراں فروش من مانی قیمتیں وصول کررہے ہیں کراچی کے مختلف بازاروں میں پیاز50 روپے کلو، ادرک200 روپے کلو، لہسن 180 روپے کلو، لیموں 160روپے کلو فروخت کیا جارہا ہے ٹماٹر کی قیمت60روپے فی کلو تک پہنچ چکی ہے، دھنیا پودینا کی ٹہنیاں گن کر اور گڈی 30 سے 40 روپے میں فروخت کی جا رہی ہیں۔

سبز مرچ کی قیمت120سے 140روپے کلو وصول کی جانے لگی، سلاد کا اہم جز کھیرا نایاب ہوچکا ہے جس کی قیمت 80 سے 100روپے کلو تک وصول کی جارہی ہے، گوشت گلانے کے لیے کچا پپیتا کثرت سے استعمال ہوتا ہے عام دنوں میں40 سے 50 روپے کلو فروخت ہونے والا کچا پپیتا عید کی آمد پر 100روپے کلو فروخت کیا جارہا ہے۔

اسلامی تہواروں اور عیدین پر گراں فروشی معمول بن چکی ہے شہری انتظامیہ اور حکومت عام دنوں میں مہنگائی روکنے میں ناکام رہتی ہے تو تہواروں میں کوئی ریلیف ملنے کی امید ہی نہیں کی جاسکتی، عید کی آمد قریب آتے ہی پیکٹ بند تیار مصالحہ جات کی فروخت بھی بڑھ گئی ہے،کمپنیوں نے اپنی مصنوعات کی قیمتیں کم کر کے اسکیمیں متعارف کرائی ہیں۔

تبصرے بند ہیں.