کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد لاہور قلندرز کو شکست دیدی

دبئی: پاکستان سپرلیگ کے اہم میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے لاہور قلندرز کو دلچسپ مقابلے کے بعد 2 وکٹوں سے شکست دے دی۔

دبئی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے پاکستان سپر لیگ کے اہم میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد لاہور قلندرز کو 2 وکٹوں سے شکست دے دی۔ لاہور قلندرز نے ٹورنامنٹ میں اب تک کا سب سے بڑا اسکور کرتے ہوئے کوئٹہ کو جیت کے لیے 202 رنز کا ہدف دیا جس کے جواب میں احمد شہزاد اور بسمہ اللہ خان نے اننگز کا جارحانہ آغاز کیا اور کوئٹہ نے پاور پلے کے 6 اوورز میں ایک وکٹ کے نقصان پر 77 رنز اسکور کیے،کیون پیٹرسن نے 21 گیندوں پر 21 گیندوں پر 6 چوکوں کی مدد سے 34 رنز کی اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے جب کہ بسمہ اللہ خان نے 23 گیندوں پر 1 چھکے اور 10 چوکوں کی مدد سے پی ایس ایل کی دوسری تیز ترین نصف سنچری اسکور کی وہ 55 رنز بنا کر پویلین لوٹے۔ سرفراز احمد اور سنگاکارا نے چوتھی وکٹ کے لیے 61 رنز کی شراکت داری قائم کی، سرفراز 21 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جب کہ سنگاکارا 37 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ کوئٹہ کو آخری اوور میں جیت کے لیے 15 رنز درکار تھے جب کہ محمد نبی اور ذوالفقار بابر وکٹ پر موجود تھے، محمد نبی نے 12 گیندوں پر 30 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر ٹیم کو فتح سے ہمکنار کروایا۔

لاہور قلندرز کی جانب سے احسان عادل نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 4 وکٹیں حاصل کیں جب کہ براؤ 3 وکٹیں حاصل کرنے میں کامیاب رہے۔

تبصرے بند ہیں.