کراچی: مختلف علاقوں میں فائرنگ اور پرتشدد واقعات میں 3 افراد جاں بحق

کراچی: شہر کے مختلف علاقوں میں فائرنگ، دستی بم حملوں اور دیگر پرتشدد واقعات میں 3 افراد جاں بحق ہوگئے جب کہ رینجرز اور پولیس نے کئی مقامات پر چھاپے مارکر 50 سے زائد ملزموں کوگرفتار کرلیا۔ روشنیوں کے شہر کراچی میں خون کی ہولی نہ تھم سکی، ٹارگٹ کلرز نے آج بھی چھٹی نہ کی اور بےگناہوں کاخون بہاتے رہے۔لانڈھی نمبر 6 میں شرپسندوں نےدو نوجوانوں طاہر اور فرحان کو اغوا کرکےتشدد کا نشانہ بنایا جس کےبعدان کی لاشیں کربلا گراؤنڈ میں پھینک کر فرار ہوگئے۔ مقتولین کو سر اورٹانگوں پر گولیاں مارکر قتل کیا گیا۔ پولیس کے مطابق ان کا تعلق ایک سیاسی جماعت سے ہے۔ اورنگی ٹاؤن پاکستان بازار سے ایک شخص کی لاش ملی جسے ملزموں نےتشدد کا نشانہ بنانے کے بعد قتل کیا۔ دوسری جانب رینجرز اور پولیس نے مختلف علاقوں میں کارروائی کرتے ہوئے کئی افراد کو حراست میں لے لیا ہے۔ سچل پولیس نے سپرہائی وے سے مقابلے کے بعد ملزم محمد رضا کو گرفتار کیا جس کے قبضے سے ٹی ٹی پستول اوردستی بم ملا۔ پولیس کے مطابق ملزم بھتہ خوری کی 50 سے زائد وارداتوں میں مطلوب تھا جب کہ ملزم نے حال ہی میں ایک پٹرول پمپ کے مالک کو 50 لاکھ روپے بھتہ نہ دینے پر دستی بم سےنشانہ بنایاتھا۔ کورنگی انڈسٹریل ایریا پولیس نے مقابلے کے بعد دو ٹارگٹ کلر یوسف اور احمد بخش کو اسلحے سمیت گرفتار کرلیا گیا۔ رینجرز اور پولیس نے کئ علاقوں میں چھاپے مار کر 50 سے زائد ملزموں کو گرفتار کرکے اسلحہ ، منشیات اور لوٹا ہوا سامان قبضےمیں لےلیا۔

تبصرے بند ہیں.