کراچی :قیامت خیز گرمی سے 1020 افراد جان کی بازی ہار گئے

اندرون سندھ گرمی سے 59 افراد جاں بحق ، متعدد ہسپتالوں میں سینکڑوں افراد زیر علاج ہیں , امدادی اشیا کی تقسیم میں‌خورد برد کی شکایات 

کراچی ) کراچی میں تاریخ کی بد ترین گرمی سے ہلاکتیں رکنے کا نام ہی نہیں لے رہیں ، مزید درجنوں افراد دم توڑ گئے ، چھے دن میں ہلاکتوں کی تعداد 1020 تک پہنچ گئی ۔ اندرون سندھ 59 افراد لقمہ اجل بن گئے ۔ ہسپتالوں میں سیکڑوں متاثرہ زیر علاج ہیں ۔ شہر قائد میں ہلاکت خیز گرمی کے اثرات ختم ہونے کا نام ہی نہیں لے رہے ہیں گو کہ شہر کا موسم بتدریج بہتر ہو تا جا رہا ہے لیکن اس کے باوجود گرمی سے ہلاکتوں کا سلسلہ بدستور جاری ہے اور ایک ہفتے کے دوران ہلاکتوں کی تعداد ایک ہزار سے تجاوز کر گئی ہے ۔ جناح ہسپتال میں بحریہ ٹائون کے تحت مریضوں اور ان کے لواحقین میں افطار اور کھانے کی تقسیم کے ساتھ ساتھ نقد رقم بھی تقسیم کی گئی ، جناح ہسپتال سمیت دیگر بڑے ہسپتالوں میں ایم کیو ایم ، تحریک انصاف ، پیپلز پارٹی اور جماعت اسلامی سمیت مختلف سیاسی جماعتوں کی جانب سے امدادی سرگرمیوں کا سلسلہ بھی جاری ہے ، امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمان نے بھی جناح ہسپتال میں مریضوں کی عیادت کی اور امدادی اشیاء تقسیم کیں ۔ جناح ہسپتال میں انسانی ہمدردی کے تحت سیاسی جماعتوں اور این جی اوز کے ساتھ ساتھ عام افراد کی جانب سے بھی امدادی اشیاء کی تقسیم کا سلسلہ جاری ہے تاہم امدادی اشیاء کی اکثریت مقامی افراد کے ہاتھوں لوٹ مار کی نظر ہو رہی ہے اور مریض اور ان کے لواحقین ٹھنڈے پانی اور برف تک کی عدم دستیابی کی شکایت کرتے نظر آرہے ہیں ۔

 

تبصرے بند ہیں.