کراچی : سابق کپتان وسیم اکرم کی گاڑی پر فائرنگ ، محفوظ رہ

کراچی (سابق کپتان اور فاسٹ بائولر وسیم اکرم کی گاڑی پر نامعلوم افراد نے فائرنگ کر دی، سابق کرکٹر کو محفوظ مقام پر منتقل کر دیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق نامعلوم حملہ آوروں نے کارساز روڈ پر سابق کپتان کی گاڑی پر فائرنگ کر دی جس میں سابق کرکٹر محفوظ رہے۔
وسیم اکرم نیشنل سٹیڈیم میں بائولنگ کیمپ میں شرکت کے لیے جا رہے تھے جہاں وہ نوجوان بائولرز کو ٹپس دے رہے تھے جبکہ ان کی سلیکشن بھی کرتے تھے۔
ابھی تک حملے کی وجوہات سامنے نہیں آ سکی ہیں ، پولیس اور سیکورٹی اداروں نے فائرنگ کی جگہ سے شواہد اکٹھے کرنے شروع کر دیئے ہیں۔
سابق کرکٹر نے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ فائرنگ کرنیوالے کی گاڑی کا نمبر نوٹ کر کے پولیس کو دے دیا ہے اگر میرے ساتھ ایسا ہوا تو عام لوگوں کے ساتھ کیا ہوتا ہوگا۔ انھوں نے بتایا کہ گاڑی کسی سرکاری افسر کی لگتی تھی ، ایک شخص نے گاڑی سے اتر کر فائرنگ کی۔
ایس ایس پی ایسٹ نے بتایا کہ وسیم اکرم کی گاڑی سے ایک شخص نے گاڑی ٹکرائی ہے جس پر دونوں میں تلخ کلامی ہوئی اور نشے میں دھت نوجوان نے گاڑی سے اتر کر فائرنگ کر دی۔
گاڑی کا رجسٹریشن نمبر AEG 061 ہے  اور یہ ہنڈا سوک 2002 ماڈل کی گاڑی عذیراحمد کے نام پر رجسٹرڈ ہے۔ واقعے کا مقدمہ تھانہ نیوٹاؤن میں درج کر لیا گیا ہے۔ وسیم اکرم نے ڈی آئی جی ایسٹ منیر شیخ سے بھی ملاقات کی۔ ڈی آئی جی ایسٹ نے یقین دہانی کرائی کہ واقعے کی تحقیقات کریں گے وسیم اکرم کو مکمل سیکورٹی دی جائے گی ۔ تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے وسیم اکرم پر حملے کی مذمت کی ہے جبکہ شاہد آفریدی کا کہنا ہے اللہ تعالیٰ وسیم اکرم کو اپنی حفاظت میں رکھے ۔ گورنرسندھ عشرت العباد نے بھی وسیم اکرم پر حملے کا نوٹس لے لیا ہے ۔

 

تبصرے بند ہیں.