کراچی ایکسپوسینٹر میں 10ویں سالانہ مائی کراچی نمائش کا آغاز
کراچی: کراچی ایکسپوسینٹر میں 10ویں سالانہ مائی کراچی نمائش کا آغاز ہوگیا ہے کراچی کے شہری بالخصوص خواتین اور بچے نمائش میں بھرپور دلچسپی لے رہے ہیں۔ کراچی چیمبر کی تجارتی نمائش کا مقصد کراچی کو بہترین کاروباری شہر منوانا اور پر امن شہر کی صورت میں عالمی سطح پر اجاگر کرنا ہے جس کیلیے نمائش کا نام ’’میرا کراچی امن کا گہوارہ‘‘ (مائی کراچی اواسس ہارمونی) رکھا گیا ہے۔ نمائش میں مقامی اور ملٹی نیشنل کمپنیوں کے علاوہ انڈونیشیا، ملائیشیا، چین اور تھائی لینڈ نے بھی اسٹالز لگائے جبکہ اے کے ڈی گروپ،عارف حبیب گروپ،ٹویوٹا،پیپسی کولا، لاکھانی سلک ملز، سعید غنی، یونائٹیڈ کنگ، ٹپال سمیت دیگر کمپنیوں کے اسٹالز بھی موجودتھے۔اس کے علاوہ کراچی میں تعینات جرمنی،اٹلی،افغانستان، چین،کوریا، ویتنام، روس، سری لنکا کے قونصلیٹ، رومانیہ بزنس کونسل اور کوٹرا (کوریا) انویسٹمنٹ کمپنی کے اسٹالز سے بھی ان ممالک کے بارے میں نمائش میں آنے والوں کو آگاہ کیا جاتا رہا، 5 تا 7 جولائی تک تین روزہ مائی کراچی نمائش میں ہال نمبر 5 غیر ملکی کمپنیوں کے لیے مخصوص کیا گیا ہے جہاں مصنوعات نمائش کے لیے رکھی گئی ہیں۔ کراچی چیمبر کی جانب سے ایک ہال صرف خواتین تاجروں کے لیے مخصوص کیا گیا ہے جہاں گھریلو خواتین کی جانب سے ہاتھ سے بنائی ہوئی اشیا فروخت کے لیے رکھی گئی ہیں، اس کے ساتھ ساتھ چھوٹے پیمانے پر کاروبار کرنے والی خواتین نے بھی یہاں اسٹال لگائے ہیں۔مائی کراچی نمائش شہر کے موجودہ حالات میں شاپنگ کے ساتھ ساتھ تفریح کا ایک موقع بھی فراہم کریگی۔
تبصرے بند ہیں.