کراچی: (سماء نیوز) کراچی میں نیپا چورنگی کے قریب 2 گاڑیوں پر فائرنگ میں 2 محافظ جاں بحق ہوگئے، مفتی تقی عثمانی محفوظ رہے۔ انچارج سی ٹی ڈی راجہ عمر خطاب کا کہنا ہے کہ دہشتگردی کے 2 واقعات ہوئے، نیپا چورنگی واقعے میں ایک سکیورٹی گارڈ صنوبر خان جاں بحق ہوا، مولانا عامر شہزاد نامی شخص کی حالت تشویشناک ہے، دونوں واقعات میں ٹیمیں الگ الگ ہیں، ایک ہی گروپ ملوث ہے، پولیس نے نیپا سے 9 سے 10 خول جمع کر لئے، پہلے نیپا چورنگی واقعہ ہوا، اسکے بعد دوسرا واقعہ ہوا۔ڈی آئی جی ایسٹ کے مطابق مولانا تقی عثمانی خیریت سے ہیں، نرسری شارع فیصل پر 2 گاڑیوں کو نشانہ بنایا گیا، مفتی تقی عثمانی پچھلی گاڑی میں تھے، دہشتگردوں نے آگے والی سیاہ گاڑی کو نشانہ بنایا، دونوں گاڑیاں دارالعلوم کورنگی کے نام رجسٹرڈ ہیں، مفتی تقی عثمانی نماز جمعہ کی امامت کیلئے جا رہے تھے۔
آئی جی سندھ کا کہنا ہے گزشتہ 6 ماہ کے دوران 500 تھریٹس موصول ہوئیں، سکیورٹی اداروں نے بھرپور کارروائی کی ہے، 2 گاڑیوں پر فائرنگ کی اطلاع ہے، فائرنگ سے ایک کانسٹیبل شہید ہوا ہے، فائرنگ کے واقعہ کی تفصیلات لے رہے ہیں۔
ادھر وزیراعلیٰ سندھ نے فائرنگ کے واقعات کا نوٹس لیتے ہوئے ایڈیشنل آئی جی کو شہر میں سکیورٹی سخت کرنے کی ہدایت کر دی۔ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا کہنا ہے شہر میں پیٹرولنگ بڑھائی جائے۔
تبصرے بند ہیں.