کراچی:فائرنگ اور دستی بم حملوں میں جاں بحق افراد کی تعداد 10 ہوگئی

کراچی: شہر قائد میں فائرنگ اور دیگر پرتشدد واقعات کا نہ تھمنے والا سلسلہ جاری ہے، آج بھی شہر میں فائرنگ کے مختلف واقعات اور دستی بم حملوں میں جاں بحق ہونے والے افراد کی تعداد10 ہو گئی ہے. گلشن اقبال کے علاقےحسین ہزارہ گوٹھ میں فائرنگ سے ایک شخص ہلاک جبکہ 3 افراد زخمی ہوگئے۔ گارڈن کے علاقے عثمان آباد دھوبی گھاٹ سے ایک شخص کی لاش برآمد ہوئی ہے۔ لیاری میں جونا مسجد کے قریب فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا جبکہ ہنگورہ آباد میں نامعلوم افراد کی جانب سے دو دستی بم حملے کئے گئے جس میں ایک بچی اور ایک راہگیر جاں بحق ہو گیا، حملے میں سات افراد زخمی بھی ہوئے۔ آگرہ تاج ہی میں مکی مسجد کے قریب مسلح افراد دو لاشوں کو پھینک کر فرار ہوگئے، لاشوں کو فقیر محمد اور زاہد کے نام سے شناخت کرلیا گیا ہے، دونوں افراد کو اغوا کے بعد تشدد کا نشانہ بنایا گیا اور فائرنگ کرکے ہلاک کیا گیا ہے۔ فائرنگ اور دستی بم حملوں کے بعد لیاری میں حالات کشیدہ ہیں اور کئی علاقوں سے لوگوں نے نقل مکانی شروع کردی ہے۔ پرتشدد واقعات کے بعد رینجرز علاقے میں داخل ہوگئی ہے۔ پٹیل پاڑہ میں فاطمہ بائی اسکول کے قریب پہلے سے ہی گھات لگائے موٹر سائیکل پر سوار افراد نے پولیس موبائل پر فائرنگ کردی جس کے نتییجے میں 3 پولیس اہلکار جاں بحق ہو گئے۔ مقتول پولیس اہلکاروں کو اقبال، عامر اور امجد کے نام سے شناخت کیا گیا ہے۔ فائرنگ سے شہید ہونے والے تینوں اہلکار جمشید کواٹرز تھانے میں تعینات تھے۔

تبصرے بند ہیں.