کالعدم ٹی ٹی پی کا صوبائی وزیر خیبرپختونخوا سے 80 لاکھ روپے بھتے کا مطالبہ

کالعدم تحریک طالبان (ٹی ٹی پی) نے خیبر پختونخوا کے صوبائی وزیر عاطف خان سے لاکھوں روپے بھتے کا مطالبہ کردیا۔کالعدم تنظیم نے صوبائی وزیر خوراک ، کھیل و اومور نوجوانان اور سائنس و انفارمیشن ٹیکنالوجی عاطف کو خان کو ایک خط لکھ کر تنبیہ کی کہ ’آپ ٹی ٹی پی مردان کے مطلوبہ افراد کی فہرست میں شامل ہیں‘۔نجی ٹی وی کے پاس دستیاب کالعدم ٹی ٹی پی کے خط کی نقل کے مطابق عاطف خان کو کہا گیا کہ اگر انہیں ٹی ٹی پی کے مطلوبہ افراد کی فہرست سے نکلنا ہے تو اس کے لیے 80 لاکھ روپے دینے ہوں گے۔خط میں صوبائی وزیر کو انتباہ دیا گیا کہ ہمارے پاس آپ کے حوالے سے مکمل معلومات اور ریکارڈ موجود ہے، 3 روز کے اندر جواب دیں۔دوسری جانب عاطف خان نے کالعدم تحریک طالبان کی جانب سے بھتے کی رقم کا خط موصول ہونے کی تصدیق کی۔انہوں نے کہا کہ باقی لوگوں کی طرح مجھ سے بھی بھتے کا مطالبہ کیا ہے تاہم اس سوال پر کہ کیا وزیراعلیٰ کے بھائی کو بھی بھتے کی پرچی ملی ہے؟ انہوں نے کہا کہ باقی لوگوں کا مجھے علم نہیں۔صوبائی وزیر نے مزید کہا ہے خط متعلقہ سیکیورٹی اداروں کے ساتھ شیئر کیا گیا ہے، آگے ان کا کام ہے۔دوسری جانب صوبائی حکومت کے ترجمان بیرسٹر سیف نے کہا کہ خیبرپختونخوا حکومت بھتے کی کالوں کو بالکل برداشت نہیں کرے گی، جس کسی کو بھی ایسی کال یا خط ملے وہ پولیس کو آگاہ کرے۔نجی ٹی وی سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ صوبائی وزیر عاطف خان کو موصول ہونے والے خط سمیت دیگر اس طرح کی کالز کی تحقیقات کی جائیں گی اور قانون کے مطابق اس پر ایکشن لیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ بعض جرائم پیشہ افراد کی جانب سے اس طرح کی کارروائیاں کی جا رہی ہیں۔ صوبائی حکومت ان کا مکمل سدباب کرے گی۔

عاطف خان کو موصول ہونے والے دھمکی آمیز خط کا عکس—تصویر بشکریہ سراج الدین

تبصرے بند ہیں.