چین میں سیلاب کی تباہ کاریاں جاری،صوبہ شان زی میں27 افراد ہلاک

بیجنگ: چین میں سیلاب کی تباہ کاریاں جاری ہیں جس کے نتیجے میں صوبہ شان زی میں سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ سے ہلاکتوں کی تعداد 27 ہوگئی۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق چین میں بارشوں، سیلاب اور لینڈسلائیڈنگ کا سلسلہ کئی ہفتے گزرنے کے بعد بھی نہ رک سکا، چین کے شمال مشرقی صوبہ شان زی میں اب تک 27 افراد ہلاک ہوچکے ہیں جبکہ درجنوں تاحال لاپتہ ہیں جن کی تلاش کے لیے ریسکیو کاروائیاں جاری ہیں۔ سیلاب کے باعث بڑی تعداد میں مکانات، درجنوں سڑکوں اور پلوں سمیت انفرا اسٹرکچر بھی تباہ ہوگئے جب کہ سیوریج کا نظام تباہ ہونے سے سڑکیں ندی نالوں کا منظر پیش کررہی ہیں جبکہ ریسکیو آپریشن میں فوج، ریسکیو ٹیموں کے علاوہ عوام بھی حصہ لے رہے ہیں۔ لینڈ سلائیڈنگ کے باعث چھوٹے قصبوں کو بڑے شہروں سے ملانے والی شاہراہیں بھی تباہ حال ہیں جس کی وجہ سے مختلف مقامات پر ہزاروں افراد محصور ہو کر رہ گئے ہیں۔ محکمہ موسمیات کے مطابق بارشوں کا یہ سلسلہ مزید کچھ دنوں تک جاری رہے گا جس سے مزید آبی ذخائر میں تغیانی کا اندیشہ ہے۔

تبصرے بند ہیں.