چین میں بارشوں اور سیلاب سے 20 افراد ہلاک، درجنوں لاپتہ
بیجنگ: چین میں بارشوں اور سیلاب کے نتیجے میں اب تک درجنوں افراد ہلاک جب کہ متعدد لاپتہ ہو گئے۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق چین کے مختلف صوبوں میں بارشوں اور سیلاب نے تباہی مچارکھی ہے، سب سے زیادہ تباہی صوبہ ژیان زی میں ہوئی جہاں معمولات زندگی مکمل طور پر درہم برہم ہورکر رہ گئی، بارشوں اورسیلاب کے نتیجےمیں 20 سے زائد افراد ہلاک اور 15 زخمی ہوگئے جبکہ مٹی کے تودے گرنے سے درجنوں پل اور رابطہ سڑکیں بہہ گئی ہیں جس کی وجہ سے ہزاروں مضافاتی علاقوں کا ملک کے دیگر حصوں سے زمینی رابطہ منقطع ہوگیا ہے، ریسکیو ٹیموں کی جانب سے ملبے تلے پھنسے افراد کو نکالنے اور محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کا عمل جاری ہے ۔ صوبہ سیچوان میں بھی صورت حال کچھ مختلف نہیں جہاں دو روز میں 450 ملی میٹر سے زائد بارش ریکارڈ کی گئی ہے جس نے گزشتہ 100 سال کا ریکارڈ توڑ دیا ہے،لینڈ سلائیڈنگ کے باعث 10 سے زائد افراد لاپتہ ہیں جبکہ ہزاروں مختلف مقامات پر پھنسے ہوئے ہیں جنہیں محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کا عمل جاری ہے، محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بارشوں کا سلسلہ مزید کچھ دن تک جاری رہے گا۔
تبصرے بند ہیں.