چیمپئنز ٹرافی کو برقرار رکھنے کا مطالبہ زور پکڑنے لگا

برمنگھم: چیمپئنز ٹرافی کو برقرار رکھنے کا مطالبہ زور پکڑنے لگا، سابق انگلش کپتان ڈیوڈ گاور نے بھی 8 ملکی ٹورنامنٹ کو ختم کرنے کی مخالفت کردی۔ ان کا کہنا ہے کہ ٹیسٹ چیمپئن شپ پر اس ایونٹ کو قربان نہیں کرنا چاہیے۔ تفصیلات کے مطابق انٹرنیشل کرکٹ کونسل نے چیمپئنز ٹرافی کے گذشتہ روز ختم ہونے والے ٹورنامنٹ کو اس طرز کا آخری ٹورنامنٹ قرار دیتے ہوئے 2017 میں ٹیسٹ چیمپئن شپ شروع کرنے کا اعلان کیا تھا مگر انگلینڈ میں چیمپئنز ٹرافی کی موسم کی مداخلت کے باوجود بے پناہ کامیابی نے خود آئی سی سی کو بھی اپنے فیصلے کا دوبارہ جائزہ لینے پر مجبور کردیا بلکہ چیمپئنز ٹرافی کو برقرار رکھنے کا مطالبہ بھی زور پکڑنے لگا ہے، اب سابق انگلش کپتان ڈیوڈ گاور نے بھی ایونٹ کو ختم کرنے کی مخالفت کردی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ مجھے اس سے غرض نہیں کہ چیمپئنز ٹرافی کس نے جیتی بلکہ میرے لیے تو سب سے زیادہ افسوس کی بات یہ ہے کہ یہ ٹورنامنٹ ختم ہوجائے گا۔یہ ہمیشہ سے میرا پسندیدہ 50 اوورز کا ٹورنامنٹ رہا ہے کیونکہ یہ ورلڈ کپ کے مقابلے میں مختصر اور اس میں جوش و خروش اپنے عروج پر ہوتا ہے، ہمیں دونوں ایونٹس کی ضرورت ہے کیونکہ ورلڈ کپ میں ٹاپ 8 سے باہر کی ٹیموں کو بھی ہائی لیول پر اپنی قدر جانچنے کا موقع ملتا ہے۔ گاور نے مزید کہا کہ میں ٹیسٹ چیمپئن شپ کے منصوبے سے متفق نہیں ہوں جس نے چیمپئنز ٹرافی کی جگہ لینا ہے، مجھے ٹیسٹ لیگ ٹیلب اور اسٹریکچر سے کوئی مسئلہ نہیں مگر میں سمجھتا ہوں کہ صرف ایک پلے آف ٹیسٹ سے ورلڈ چیمپئن شپ کا فیصلہ نہیں ہوسکتا۔ گاور نے کہا کہ آئی سی سی کے پاس اس پر غور کیلیے بہت وقت ہے، ہمیں اس بارے میں جو عام رائے پائی جاتی ہے اس پر بھی توجہ دینے کی ضرورت ہے۔

تبصرے بند ہیں.