چیمپئنز ٹرافی پاکستانی ٹیم نے نیدرلینڈ کو ہرا کر سیمی فائنل میں کوالیفائی کر لیا

قومی ٹیم کی جانب سے شاندار کھیل کا مظاہرہ ، چار گول سکور کر کے کامیابی حاصل کی ، نیدر لینڈز کی ٹیم دو گول سکور کرسکی

بھوبنیشور : ہاکی چیمپئنز ٹرافی میں تینوں گروپ میچز ہارنے والی پاکستانی ٹیم سیمی فائنل میں پہنچ گئی ، کوارٹر فائنل مرحلے میں گرین شرٹس نے نیدر لینڈ کو شکست دی ۔ بھارت کے شہر بھوبنیشور میں ہونیوالے ہاکی ٹورنامنٹ کے کوارٹر فائنل مرحلے میں پاکستان کا سامنا نیدرلینڈ سے ہوا ۔ پہلے کوارٹر میں نیدر لینڈ ٹیم نے ایک گول کے ساتھ ایک صفر کی برتری بھی حاصل کی جسے دوسرے کوارٹر میں پاکستانی پلئیر عمر بھٹہ نے گول سکور کر کے حساب برابر کیا ۔ اسی کوارٹر میں کپتان محمد عمران نے بھی پنلٹی کارنر پر گول سکور کر کے برتری دو ایک کر دی ۔ تیسرے کوارٹر میں ڈچ ٹیم کے جونکر نے گول کر کے دو دو سے برابر کیا ،جبکہ چوتھے کوارٹر میں پاکستانی ٹیم کو دو پنلٹیز ملیں جن کا فائدہ اٹھاتے ہوئے محمد عرفان نے دو شاندار گول کر ڈالے جس کے بعد قومی ٹیم نیدر لینڈ کو دو کے مقابلے میں چار گول سے شکست دینے میں کامیاب ہوئی ۔ کپتان محمد عمران کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا ۔ شاندار اور ناقابل یقین فتح پر کپتان نے خوشی کا اظہار کیا ، کہتے ہیں جیت پوری ٹیم کی سخت محنت کا نتیجہ ہے ۔ اس فتح کے ساتھ ہی گرین شرٹس کو نہ صرف فائنل فور یعنی سیمی فائنل میں رسائی حاصل ہوئی بلکہ ٹیم نے آئندہ چیمپئنز ٹرافی میں بھی جگہ بنا لی ۔

تبصرے بند ہیں.