چکوال میں بس اور ٹرک کے درمیان تصادم سے 6 افراد جاں بحق، 20 زخمی

چکوال: موٹر وے پر سالٹ رینج کے قریب بس اور ٹرک میں تصادم کے نتیجے میں 6 افراد جاں بحق اور 20 زخمی ہو گئے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق موٹر وے پولیس حکام کا کہنا ہے کہ مسافر بس راولپنڈی سے لاہور جب کہ ٹرک کلر کہار سے لاہور جا رہا تھا کہ ٹرک کی بریک فیل ہونے کے باعث دونوں گاڑیاں چکوال میں موٹر وے پر سالٹ رینج کے قریب ٹکرا گئیں جس کے نتیجے میں 2 افراد جاں بحق اور 24 زخمی ہو گئے۔

امدادی ٹیموں کے اہلکاروں نے زخمیوں کو فوری طور پر چکوال اور بھلوال کے اسپتالوں میں منتقل کیا جہاں 4 زخمی دوران علاج دم توڑ گئے۔ حادثے میں جاں بحق ہونے والے 5 افراد کی شناخت ابو بکر، یاسرعلی ، احمد سعید، ندیم، ارشد کے ناموں سے ہوئی ہے جب کہ جاں بحق ہونے والوں میں ایک بچہ بھی شامل ہے۔

وزیراعلی پنجاب شہباز شریف نے سالٹ رینج کے قریب ٹریفک حادثے کا نوٹس لیتے ہوئے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر اظہار افسوس کرتے ہوئے لواحقین سے ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔ شہباز شریف نے حادثے میں زخمی ہونے والے مسافروں کو علاج معالجہ کی بہترین سہولیات فراہم کرنے کا حکم دیا ہے۔

تبصرے بند ہیں.