پیپلز پارٹی کے سید قائم علی شاہ تیسری بار وزیر اعلیٰ سندھ منتخب

کراچی: سابق حکومت میں وزیر اعلیٰ رہنے والے سید قائم علی شاہ ایک مرتبہ پھر تیسری مدت کے لئے وزیر اعلیٰ سندھ منتخب ہوگئے ہیں۔ سندھ اسبملی کا اجلاس نومنتخب اسپیکر آغا سراج درانی کی زیر صدارت ہوا جس میں وزیر اعلیٰ سندھ کے لئے سید قائم علی شاہ کا انتخاب کرلیا گیا۔ سید قائم علی شاہ کے مقابلے میں ایم کیو ایم کی جانب سے سید سردار احمد اور مسلم لیگ فکنشنل کے امتیاز شیخ بھی امیدوار تھے۔ سید قائم علی شاہ نے اسمبلی کے 155 ارکان میں سے 86 ووٹ حاصل کئے جبکہ ایم کیو ایم کے سردار احمد نے 48 اور مسلم لیگ فنکشنل کے امتیاز شیخ نے 18 ووٹ حاصل کئے۔ گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان سید قائم علی شاہ سے وزارت اعلیٰ کے عہدے کا حلف لیں گے۔ اس سے قبل اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کے لئے ہونے والے انتخاب میں بھی پیپلز پارٹی کے آغا سراج درانی اسپیکر اور پیپلز پارٹی کی ہی شہلا رضا ڈپٹی اسپیکر منتخب ہوئیں۔

تبصرے بند ہیں.