پنجاب :صنعتوں،سی این جی سٹیشنز کو گیس فراہمی غیر معینہ مدت کیلئے بند

پنجاب میں صنعتوں اور سی این جی سٹیشنز کو گیس فراہمی غیر معینہ مدت کے لئے بند کر دی گئی ۔کھاد فیکٹریوں اور پاور پلانٹس کو بھی گیس نہیں ملے گی۔گھریلو اور کمرشل صارفین کو گیس کی فراہمی جاری رہے گی۔

سوئی ناردرن گیس پائپ لائنز کے جاری کردہ شیڈول کے مطابق پنجاب کی صنعتوں اور سی این جی سیکٹر کو ہفتہ وار 48 گھنٹے گیس فراہم کی جا رہی تھی۔سرد موسم کے باعث گیس کا شارٹ فال 1100 ملین کیوبک فٹ تک پہنچ گیا جس کے باعث پنجاب کی تمام صنعتوں اور سی این جی سٹیشنز کو گیس کی فراہمی غیر معینہ مدت کے لئے بند کر دی گئی۔حکام کے مطابق ہیٹر اور گیزر کا استعمال بڑھنے سے گیس کی طلب اور رسد میں فرق بڑھتا جا رہا ہے۔ذرائع کے مطابق گیس بندش کا دورانیہ دو ماہ تک ہو سکتا ہے تاہم گھریلو اور کمرشل صارفین کو گیس کی فراہمی جاری رہے گی۔دوسری جانب گیس کی بندش یقینی بنانے کے لئے چھاپہ مار ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں جو صنعتی یونٹس اور سی این جی سٹیشنز پر چھاپے ماریں گی۔

تبصرے بند ہیں.