پشاور: پولیو ٹیم کی گاڑی کے قریب دھماکے میں پولیس اہلکار سمیت 2 افراد جاں بحق، 11 زخمی

پشاور: بڈھ بیر کے علاقے ملک خیل میں پولیو ٹیم کی گاڑی کے قریب دھماکے کے نتیجے میں ایک پولیس اہلکار سمیت 2 افراد جاں بحق اور 11 زخمی ہوگئے۔ پشاور کے علاقے بڈھ بیر سے پولیس اہلکار انسداد پولیو مہم ٹیم کی حفاظت کے لئے جارہے تھے کہ ملک خیل کے علاقے میں پولیو ٹیم کی گاڑی کے قریب دھماکا ہوگیا جس کے نتیجے میں پولیس اہلکار سمیت 2 افراد جاں بحق اور راہگیر سمیت 11 افراد زخمی ہوگئے، ریسکیو ٹیموں نے جائے حادثہ پر پہنچ کر لاشوں اور زخمیوں کو لیڈی ریڈنگ اسپتال منتقل کردیا جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جارہی ہے، چیف ایگزیکٹو ایل آر ایچ ارشد جاوید کا کہنا ہے کہ زخمیوں میں سے 2 کی حالت تشویشناک ہے جس کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے جبکہ پولیس کے مطابق دھماکے کا شکار ہونے والی پک اپ گاڑی میں 12 پولیس اہلکار سوار تھے جنہیں نشانہ بنایا گیا۔ ایس ایس پی آپریشنز نجیب الرحمان کے مطابق بارودی مواد سڑک کنارے نصب کیا گیا تھا تاہم پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے کر تحقیقات شروع کردی ہیں جبکہ بم ڈسپوزل اسکواڈ کا کہنا ہے کہ دھماکے میں 4 سے 5 کلو دھماکا خیز مواد استعمال کیا گیا۔ دھماکے کی جگہ سے 8 کلو وزنی دوسرا بم بھی برآمد کیا گیا جسے بم ڈسپوزل اسکواڈ کی ٹیم نے ناکارہ بنادیا، ناکارہ بنائے گئے بم کے ساتھ موبائل بھی ملا۔ ایس ایچ او بڈھ بیر کے مطابق پشاور میں دھماکے کی اطلاع پہلے سے موجود تھی، ہم نے گزشتہ رات اور آج صبح بھی بم ڈسپوزل یونٹ کے اہلکاروں کو طلب کیا تھا۔

تبصرے بند ہیں.