پرویز الٰہی کی عبوری ضمانت میں توسیع، عدالت نے 11 مئی تک گرفتاری سے روک دیا

انسداد دہشت گردی عدالت لاہور نے مرکزی صدر تحریک انصاف اور سابق وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی کی عبوری ضمانت 11 مئی تک منظور کرتے ہوئے گرفتاری سے روک دیا۔انسداد دہشتگردی عدالت کے جج اعجاز احمد بٹر نے پولیس پر پٹرول بمب پھینکنے اور کار سرکار میں مداخلت کے کیس میں پرویز الٰہی کی درخواست ضمانت پر سماعت کی، اس موقع پر سابق وزیراعلیٰ پنجاب عدالت میں پیش ہوئے۔پرویز الٰہی نے مؤقف اختیار کیا کہ غالب مارکیٹ پولیس نے پولیس پارٹی پر حملہ کرنے کا بے بنیاد الزام لگایا، پولیس پارٹی پر پٹرول بم پھینکنے کا الزام بھی مقدمے میں لگایا گیا ہے، پولیس نے سیاسی انتقام کا نشانہ بنانے کیلئے جھوٹا مقدمہ درج کیا۔پرویز الٰہی نے استدعا کی کہ ٹرائل کےحتمی فیصلے تک ضمانت قبل از گرفتاری منظور کی جائے۔بعدازاں عدالت نے چودھری پرویز الٰہی کی عبوری ضمانت 11 مئی تک منظور کر لی اور گرفتاری سے روک دیا، عدالت نے چودھری پرویز الٰہی کو 50 ہزار روپے کے مچلکے جمع کرانے کا بھی حکم دے دیا۔

تبصرے بند ہیں.