پروٹیز سے مقابلہ، پاکستان بیٹنگ آرڈر میں چھیڑ چھاڑ نہیں کریگا
برمنگھم: پاکستانی کرکٹ ٹیم لندن سے ایک بار پھر برمنگھم پہنچ گئی، ہفتے کو آرام کو ترجیح دی، اتوار کی دوپہر پریکٹس سیشن رکھا گیا ہے۔ چیمپئنز ٹرافی میں پیرکو جنوبی افریقہ کے خلاف دوسرا میچ ہونا ہے، ویسٹ انڈیز سے شکست کے باوجود بیٹنگ آرڈر میں اکھاڑ پچھاڑ کا کوئی امکان نہیں، کپتان مصباح الحق کا کہنا ہے کہ صرف ایک ناکامی سے گھبرانے کی کوئی ضرورت نہیں، ٹرافی ابھی ہاتھ سے نہیں نکلی، دیگر تمام میچز جیتنے کی پوری کوشش کریں گے،ٹاس جیت لیتے یا گیل جلد قابو میں آجاتے تو میچ کا نتیجہ مختلف ہوسکتا تھا۔ تفصیلات کے مطابق پاکستانی کرکٹ ٹیم ویسٹ انڈیز کے ہاتھوں 2 وکٹ سے شکست کا زخم کھانے کے بعد برمنگھم پہنچ چکی جہاں اس کا پیر کو جنوبی افریقہ سے اہم ترین میچ ہوگا۔ ہفتے کے روز گرین شرٹس نے ٹریننگ نہیں کی تاہم اتوار کی دوپہر پریکٹس کا پروگرام ہے۔ پہلے میچ میں ناکامی کے بعد اب اگر پاکستان کو ٹرافی تک پہنچنا ہے تو پھر راہ میں آنے والے تمام میچز میں ہی اسے کامیابی درکار ہوگی، کپتان مصباح الحق کے مطابق ٹیم اس چیلنج کے لیے پوری طرح تیار ہے، انھوں نے کہا کہ اب ہمارے لیے صورتحال زیادہ واضح ہوچکی، ہمیں معلوم ہے کہ صرف فتح کے لیے کوشش کرنی ہے، یہ ناممکن نہیں کیونکہ پاکستان ماضی میں کئی بار ایسا کرچکا، شائقین کو مثبت سوچ رکھنے کی ضرورت ہے، ہم بھی ایسی کرکٹ کھیلتے ہوئے اپنے بقیہ تمام میچزاپنے نام کرنے کی کوشش کریں گے۔
تبصرے بند ہیں.