پاک افریقا میچ تیز بارش کے سبب روک دیا گیا

ڈک ورتھ لوئیس میتھڈ کے تحت جنوبی افریقا 16 رنز پیچھے ہے، ڈک ورتھ لوئیس میتھڈ کے تحت جنوبی افریقا کو چار وکٹ پر 9 اوورز میں 84 رنز ضروری تھے۔

186 رنز کے تعاقب میں جنوبی افریقی ٹیم کی بیٹنگ جاری ہے جب کہ شاہین شاہ آفریدی نے آغاز میں ہی رائیلی روسو اور کوئنٹن ڈی کوک کو آؤٹ کیا اور ساتھ ہی ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کرکٹ میں 50 وکٹیں مکمل کرلیں۔

پاکستان کی اننگز:

سڈنی کرکٹ گراؤنڈ میں قومی کپتان بابر اعظم نے ٹاس جیتا اور جنوبی افریقا کو فیلڈنگ کی دعوت دی، قومی ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں 185 رنز بنائے، ٹیم کا اسکور یہاں تک پہنچانے میں شاداب خان، افتخار احمد، محمد حارث اور محمد نواز نے کلیدی کردار ادا کیا۔

اننگز کے آغاز پر ہی محمد رضوان نے چوکا مارا اور 4 رنز بناکر وین پرنیل کی گیند پر بولڈ ہوگئے، اس کے بعدمحمد حارث نے 11 گیندوں پر 28 رنز کی دھواں دھار اننگز کھیلی جس میں 3 چھکے اور 2 چوکے شامل تھے۔ کپتان بابر اعظم 6 ،  شان مسعود  2 اور محمد نواز 28 رنز بناکر پویلین لوٹے۔

پاکستانی ٹیم کا اسکور افتخار احمد اور شاداب خان نے سنبھالا، دونوں نے بالترتیب 51 اور 52 رنز کی اننگز کھیلی۔

اس کے علاوہ وسیم جونئیر صفر، حارث 3 رنز بناکر آؤٹ ہوئے جب کہ نسیم شاہ 5 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔

جنوبی افریقا کے خلاف پاکستانی ٹیم:

جنوبی افریقا کے خلاف میچ کے لیے قومی کرکٹ ٹیم میں ایک تبدیلی کی گئی ہے،فخر زمان کی جگہ محمد حارث کو پلیئنگ الیون کا حصہ بنایا گیا ہے۔

پاکستان کرکٹ ٹیم میں کپتان بابر اعظم سمیت  نائب کپتان شاداب خان،محمد رضوان، شان مسعود، افتخار احمد، محمد حارث،محمد نواز، محمد وسیم جونیئر، شاہین شاہ آفریدی، نسیم شاہ اور حارث رؤف ٹیم میں شامل ہیں۔

گزشتہ روز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں بنگلا دیش کے خلاف بھارت کی جیت نے پاکستان کے سیمی فائنل تک رسائی کے چانسز کو مزید مشکل بنادیا۔

آسٹریلیا میں جاری ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے گروپ 2 میں بھارت نے 4 میں سے 3 میچز جیت کر 6 پوائنٹس حاصل کیے ہیں جبکہ جنوبی افریقا کے تین میچز میں 5 پوائنٹس ہیں اور پاکستان ٹیم تین میچز میں 2 پوائنٹس ہی حاصل کرسکی ہے۔

اگر آج کا میچ  پاکستان جیت جاتا ہے تو اس کے 4 میچز میں 4 پوائنٹس ہوجائیں گے جبکہ جنوبی افریقا کے 5 اور بھارت کے 6 پوائنٹس ہوں گے۔

تبصرے بند ہیں.