پاکستان کی ٹیم انگلینڈ سے بہتر ہے، انگلش کپتان کا اعتراف

شارجہ: حال ہی میں ایشز میں آسٹریلیا کو شکست دینے والے انگلش کپتان الیسٹر کک نے پاکستان سے شکست کے بعد اعتراف کیا ہے کہ پاکستان کی ٹیم انگلینڈ سے بہتر ہے جب کہ پوری ٹیسٹ سیریز میں مصباح الحق نے بہترین کپتانی کا مظاہرہ کیا۔

ٹیسٹ سیریز کے اختتام پر شارجہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انگلش کپتان الیسٹر کک کا کہنا تھا کہ انگلینڈ کی ٹیم پاکستان سے بہتر نہیں اسی لیے ٹیسٹ سیریز میں پاکستان نے فتح حاصل کی تاہم یہ ایک سخت ٹور تھا اس لیے گزشتہ 15 دن میں انگلش کھلاڑیوں نے بہت سخت کوشش کی کہ وہ اچھا کھیلیں لیکن وہ اپنے ٹارگٹ کو حاصل نہیں کر پائے۔

ایک سوال کے جواب میں کک نے کہا کہ برطانوی بلے بازوں نے مشکل حالات میں پاکستانی بولنگ کا اچھی طرح سامنا کیا لیکن فیلڈنگ میں کیچ لینے کے کچھ مواقع ضائع کردیئے اگر یہ کیچزلے لیتے تو شاید صورت حال کچھ مختلف ہوتی۔  الیسٹر کک نے اعتراف کیا کہ پاکستان کے پاس انگلینڈ سے اچھے اسپینرز نہیں تاہم ورلڈ کلاس اسپنرز بنانے پر توجہ دی جائے۔

انگلش کپتان نے پاکستانی کپتان کی کارگردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ مصباح الحق نے کپتان کی حیثیت سے شاندار کارگردگی کا مظاہرہ کیا اس لیے پاکستان کی فتح میں مصباح الحق کی کپتانی کو مکمل کریڈٹ دوں گا۔

تبصرے بند ہیں.