پاکستان کی جوہری طاقت بیرونی جارحیت کے خلاف اورملکی سلامتی کے لئے ہے، وزیراعظم

اسلام آباد: وزیراعظم نواز شریف کا کہنا تھا پاکستان کی جوہری طاقت بیرونی جارحیت کے خلاف اورملکی سلامتی کے لئے ہے جب کہ پاک امریکا تعلقات تسلی بخش اوردرست سمت پر گامزن ہیں اوران میں مزید وسعت چاہتے ہیں۔

امریکا کے دورے پر روانگی سے قبل اپنے بیان میں وزیراعظم نواز شریف کا کہنا تھا کہ پاک امریکا تعلقات تسلی بخش اوردرست سمت پر گامزن ہیں جب کہ ان تعلقات میں مزید وسعت چاہتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ بطور خودمختار ریاست پاکستان کی جمہوری اقدار ہیں جب کہ پاکستان نے انسداد دہشت گردی کی جنگ میں صف اول کا کردار ادا کیا اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں آپریشن ضرب عضب کی کامیابی ہمارے عزم کی دلیل ہے۔

وزیراعظم نوازشریف نے کہا کہ پاکستان  نہ صرف خطے کے تمام ممالک کی خودمختاری کااحترام کرتا ہے بلکہ ان کے ساتھ برابری کی بنیا د پرتعلقات بھی چاہتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان ایک ذمہ دارجوہری ریاست ہے اور اس کی جوہری طاقت بیرونی جارحیت کے خلاف اورملکی سلامتی کے لئے ہے۔

دوسری جناب وزیراعظم کے دورہ امریکا پر قیاس آرائیوں پر مبنی میڈیار رپورٹس کو مسترد کرتے ہوئے دفترخارجہ کا کہنا تھا کہ  امریکا نے پاکستان کوکوئی مطالبہ پیش کیا ہے اور نہ ہی دونوں ممالک کے درمیان کوئی ڈیل زیر بحث ہے، وزیراعظم کی پالیسی پاکستان کے قومی مفاد،ترقی اورتحفظ پر مبنی ہے اور تاریخ شاہد ہے کہ وزیراعظم نے کبھی کسی ریاست کا مطالبہ تسلیم نہیں کیا۔

تبصرے بند ہیں.