پاکستان کیخلاف شاندار اننگز، بی سی سی آئی کے صدر نے کوہلی کی تعریفوں کے پل باندھ دیے

بھارتی میڈیا کے مطابق کرناٹکا اسٹیٹ کرکٹ ایسوسی ایشن کی ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے راجر بنی کا کہنا تھا پاکستان اور بھارت کے درمیان کرکٹ میچ ہمیشہ ہی غیر معمولی اور جوق در جوق اسٹیڈیم جانے والوں کے لیے خوشی کا باعث ہوتا ہے۔

راجر بنی نے ویرات کوہلی کی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں پاکستان کے خلاف 83 رنز کی شاندار اننگز کو ایک خواب اور دیکھنے والوں کے لیے ایک ٹریٹ قرار دیدیا۔

ان کا کہنا تھا کہ جس طرح ویرات کوہلی گیند کو پارک کے باہر پھینک رہا تھا اس کا تصور بھی نہیں کر سکتا، پاکستان کیخلاف فتح بہت ہی شاندار تھی۔

صدر بی سی سی آئی کا مزید کہنا تھا کہ آپ نے ایسا بہت ہی کم دیکھا ہو گا کہ پاکستان کے خلاف میچ میں تمام وقت پاکستانی ٹیم حاوی رہے اور پھر اچانک میچ بھارت کے ہاتھ میں آجائے، یہ بہت اچھا میچ تھا اور تماشائی ایسا میچ دیکھنا چاہتے تھے۔

ان کا کہنا تھا کوہلی کو خود کو ثابت کرنے کی ضرورت نہیں تھی، وہ بلا شبہ ایک ورلڈ کلاس بیٹر ہے، اس کی طرح کے بیٹر پریشر والی صورتحال پر قابو پانا جانتے ہیں اور پریشر ان کا بہترین کھیل سامنے آتا ہے۔

محمد نواز کے آخری اوور میں نو بال کے حوالے سے ہونے والے تنازع پر گفتگو کرتے ہوئے بی سی سی آئی کے صدر کا کہنا تھا جب آپ میچ ہارتے تو آپ کو اسے کھلے دل سے تسلیم کرنا چاہیے۔

تبصرے بند ہیں.