اسلام آباد:
پاکستان نے بھارتی جاسوس کلبھوشن یادو سے اُس کی والدہ اور بیوی کو ملاقات کی اجازت دے دی ہے۔
اسلام آباد میں اپنی ہفتہ وار بریفنگ میں ترجمان دفترخارجہ ڈاکٹرمحمد فیصل کا کہنا تھا کہ پاکستان نے بھارتی جاسوس کلبھوشن یادو سے اِس کی بیوی کو ملنے کی اجازت دی تھی تاہم بھارت نے پاکستان سے درخواست کی کہ کلبھوشن کی اہلیہ سے پہلے اس کی والدہ کو ملنے کی اجازت دی جائے، پاکستان نے بھارتی درخواست کو منظور کرلیا ہے اور کلبھوشن یادو سے والدہ اور بیوی دونوں کو ملنے کی اجازت دے دی گئی ہے۔
ترجمان نے کہا کہ فیصلے کے حوالے سے بھارت کو آگاہ کردیا گیا ہے اور بھارتی جاسوس سے اہل خانہ کی ملاقات 25 دسمبر کو ہوسکتی ہے جب کہ ملاقات میں بھارتی ہائی کمیشن کے ایک اہلکار کو بھی موجود ہونے کی اجازت ہوگی اور سب کو مکمل سیکیورٹی فراہم کی جائے گی۔ ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ ہندوستان پاکستان سے لڑ کر کشمیر حاصل نہیں کر سکتا۔
تبصرے بند ہیں.