پاکستان نے آئرلینڈ کو پہلے ایک روزہ میچ میں 255 رنز سے شکست دے دی

ڈبلن: پاکستان نے شرجیل خان کی 152 رنز کی اننگز اور بولرز کی تباہ کن بولنگ کی بدولت آئرلینڈ کو پہلے ایک روزہ میچ میں 255 رنز سے شکست دے دی۔ 

آئرلینڈ کے شہر ڈبلن میں پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان 2 ون ڈے میچز کی سیریز کا پہلا میچ گزشتہ رات ہونے والی بارش کے باعث تاخیر کا شکار رہا جس کے بعد امپائرز نے میچ 47 اوورز تک محدود کردیا۔ پاکستان نے مقررہ اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 337 رنز بنائے جس کے جواب میں آئرش ٹیم پاکستان کی بولنگ کا سامنا نہ کرسکی اور 82 رنز پر پوری ٹیم آؤٹ ہوگئی۔ پال اسٹرلنگ اور ایڈ جوئس نے اننگز کا آغاز کیا تاہم محمد عامر نے دوسری ہی گیند پر اسٹرلنگ کو بولڈ کرکے اپنے خطرناک عزائم کا اظہار کیا جب کہ دیگر آئرش کھلاڑی بھی زیادہ دیر وکٹ پر نہ رک سکے، جوئس 9، ولیم پوٹر فیلڈ 13، نیل اوبرائن 10، کیون اوبرائن 3 رنز بنا کر پویلین لوٹے۔ گیرے ولسن نے کچھ دیر مزاحمت دکھائی لیکن وہ بھی 21 رنز ہی بناسکے۔

پاکستان کی جانب سے عماد وسیم نے 5 اور عمر گل نے شاندار کم بیک کرتے ہوئے 3 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جب کہ  محمد نواز اور محمد عامر نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

تبصرے بند ہیں.