پاکستان اورانگلینڈ کے درمیان تیسرا ون ڈے انٹرنیشنل آج کھیلا جائے گا

شارجہ: پاکستان اورانگلینڈ کے درمیان تیسرا ون ڈے انٹرنیشنل منگل کو شارجہ میں کھیلا جائے گاجب کہ کپتان اظہرعلی کو سیریز میں برتری کے ساتھ ٹیم کمبی نیشن کو درست کرنے کا چیلنج بھی درپیش ہے۔

پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان چار ون ڈے میچزکی سیریز 1-1 سے برابر اور دونوں ہی ٹیمیں اپنی برتری ثابت کرنے کیلیے کافی پُراعتماد ہیں، میزبان کو سیریز میں کامیابی کے ساتھ کمبی نیشن کو بھی درست کرنے کا بڑا چیلنج درپیش ہے، اب تک ہونے والے 2 مقابلوں میں الگ اوپننگ  جوڑیاں میدان میں اتاری گئیں، بلال آصف اور بابر اعظم میں سے کوئی بھی ٹاپ آرڈر پر اظہر علی کے ساتھ مل کر بڑی شراکت نہیں بنا پایا۔

اگراحمد شہزاد کو میدان میں اترنے کا موقع فراہم کیا جاتا ہے تو یہ گرین شرٹس کی جانب سے تیسرے مقابلے کی تیسری اوپننگ جوڑی ہوگی۔ پہلے ون ڈے میں سنچری سے ٹیم کی کامیابی میں اہم کردار ادا کرنے والے محمد حفیظ گذشتہ مقابلے میں صفر پر آؤٹ ہوگئے تھے جس سے میچ پر انگلش گرفت مضبوط ہوئی۔ پاکستان کیلیے اس وقت تشویش کا بڑا سبب لیگ اسپنر یاسر شاہ کی عدم دستیابی ہے، وہ اتوار کو پریکٹس کے دوران گھٹنے کی تکلیف کا شکارہوگئے تھے۔

تبصرے بند ہیں.