پاکستان اسٹیل کو 16 مئی تک 11 ارب کا بیل آؤٹ مل جائیگا

کراچی: وفاقی وزیر برائے صنعت و پیداوار شہزادہ احسن اشرف شیخ نے کہا کہ پاکستان اسٹیل ملزکو 16 مئی 2013 تک 11 ارب روپے کا بیل آؤٹ پیکیج مل جائے گا جس سے وہ خام مال خرید کرسکیں گے اور اگست 2013 تک اسٹیل مل کی پیداوار60 فیصد تک پہنچ جائے گی۔ پاکستانی معیشت میں کراچی کی حیثیت نہایت اہمیت کی حامل ہے، کراچی میں امن و امان کی صورتحال کو بہتر بنانے میں تمام اسٹیک ہولڈرز کو ذاتی مفادات سے بالاتر ہوکر سر جوڑ کر بیٹھنا ہوگا، کراچی میں بدامنی سے پورے ملک کی معیشت پر منفی اثراب مرتب ہوتے ہیں، تاجروں وصنعتکاروں کے تحفظ کیلیے ہنگامی بنیادوں پر فیصلے نہ کیے گئے تو مستقبل میں صورتحال مزید گمبھیر ہوسکتی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے کراچی کے مقامی ہوٹل میں ایکسپورٹ پروسیسنگ زونز اتھارٹی کے چیئرمین محمد سعادت ایس چیمہ کی جانب سے دیے گئے ظہرانے کے بعد بات چیت کرتے ہوئے کیا، ظہرانے میں کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری، فیڈریشن آف پاکستان چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری، اوورسیز چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری اور دیگر بزنس کمیونٹی کی اہم شخصیات نے شرکت کی۔ وفاقی وزیر برائے صنعت و پیداوارنے مہمانوں سے ملاقات کرتے ہوئے ان کے مسائل حل کرانے کی یقین دہانی کرائی۔

تبصرے بند ہیں.