ٹیکس گوشوارے جمع نہ کرانیوالے 12 ہزار امرا کو نوٹس جاری کرنے کا فیصلہ

اسلام آباد: فیڈرل بورڈ آف ریونیو(ایف بی آر) نے 24 لاکھ 99 ہزار39 نان فائلرز میں سے 22 ہزار نان فائلرز کو نوٹس جاری کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ پہلے مرحلے ان 12 ہزار امیر ترین لوگوں کو نوٹس جاری کیے جائیں گے جو پوش علاقوں میں مقیم ہیں اور ایک سے زائد بینک اکاؤنٹس رکھتے ہیں جبکہ انکے بچے ملکی و غیر ملکی مہنگے ترین تعلیمی اداروں میں تعلیم حاصل کرتے ہیں اور دوسرے مرحلے میں مزید 10 ہزار افراد کو نوٹس جاری کیے جائیں گے۔ اس ضمن میں ایف بی آر کے سینئر افسر نے بتایا کہ 22 ہزار سے زائد نان فائلرز کو نوٹسز ریجنل ٹیکس آفسز اور ایل ٹی یوز کی طرف سے جاری کیے جائیں گے، ملک بھر میں قائم 18 ریجنل ٹیکس آفسز کو نان فائلرز کے بارے میں مکمل ڈیٹا و دستاویزی معلومات پر مبنی ثبوتوں کی سی ڈیز بھجوائی جائیں گی جس میں ان نان فائلرز کے نام پتے سمیت دیگر تمام معلومات دی گئی ہیں۔ حکام نے بتایا کہ آر ٹی اوز کی طرف سے نان فائلرز کو جاری کردہ نوٹس کا 30 دن میں جواب دینے کی مہلت دی جائے گی جبکہ نان فائلرز کے خلاف 90 سے 120 دنوں کے دوران کارروائی مکمل کی جائیگی۔ حکام نے بتایا کہ نان فائلرز کے خلاف کارروائی کی مانیٹرنگ کے لیے ایف بی آر ہیڈ کوارٹرز میں چیف آپریشن کی سربراہی میں خصوصی سیل قائم کیا گیا ہے اور ملک بھر کے آر ٹی اوز اور ایل ٹی یوز نان فائلرز سے ٹیکس وصولی اور ریٹرن وصولی کے حوالے سے ہفتہ وار بنیادوں پر ایف بی آرکو رپورٹ پیش کیا کریں گے۔ حکام نے بتایا کہ ملک کی 193 کمپنیاں بھی انکم ٹیکس گوشوارے جمع نہیں کرارہی ہیں۔

تبصرے بند ہیں.