ٹیم کی کارکردگی میں تسلسل لانے کیلئے سخت محنت کرنا ہو گی، سرفراز احمد

کراچی: 

قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کا کہنا ہے کہ چیمپئنز ٹرافی کی فتح سے ٹیم میں نئی جان آگئی ہے لیکن کارکردگی میں تسلسل لانے کیلیے سخت محنت کرنا ہو گی۔

کراچی پریس کلب میں میٹ دی پریس سے خطاب کرتے ہوے سرفراز احمد نے کہا کہ ٹائٹل جیتنے کے بعد عوام کی توقعات مزید بڑھ گئی ہیں، گزشتہ ڈیڑھ سال کے دوران چیزیں بہتری کی جانب گامزن ہوئی ہیں لیکن کارکردگی میں تسلسل لانے کیلیے سخت محنت کرنا ہوگی۔ ان کا کہنا تھا کہ قومی ٹیم سینئراورجونیئر کھلاڑیوں کا بہترین امتزاج ہے، تجربہ کار پلیئرز کی ضرورت ہمیشہ رہتی ہے، اگرسینئر اچھا پرفارم کر رہے ہوں تو انہیں ٹیم میں رہنا چاہئے۔

سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ پاکستان سپر لیگ سے کرکٹرز کی صلاحیتوں میں نکھار آیا، فخر زمان اور شاداب ڈومیسٹک کھیل رہے تھے لیکن پی ایس ایل نے انہیں نئی پہچان دی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں  انٹرنیشنل کرکٹ نہ ہونے کا بھی کھلاڑیوں کو بہت نقصان ہواہے جب کہ انگلینڈ میں سیکیورٹی مسائل کے باوجود ٹیمیں کھیلی ہیں، پاکستان میں بھی یہ سلسلہ بحال ہونا چاہیے۔

تبصرے بند ہیں.