ٹیسٹ کلیئر کیے بغیرہی مصباح کا کاکول اکیڈمی میں داخلہ

لاہور: مصباح الحق کو ٹیسٹ کلیئر کیے بغیر ہی کاکول اکیڈمی میں داخلہ مل گیا، طویل فارمیٹ کے کپتان کو ’’بخار‘‘ کے باعث چھوٹ دی گئی، فٹنس کیمپ کے دوران ہی جانچی جائے گی۔

تفصیلات کے مطابق پی سی بی کے سینٹرل کنٹریکٹ یافتہ کھلاڑیوں کے فٹنس ٹیسٹ8 سے 12مئی تک ہوئے،انجرڈ محمد حفیظ، عماد وسیم، حارث سہیل اور ذوالفقار بابراس میں شریک نہیں تھے، ان چاروں کرکٹرز کو مکمل صحتیابی کیلیے نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور میں بحالی پروگرام میں شرکت کرنے کی ہدایت کردی گئی ہے،انھیں فٹ ہونے پر ہی ایبٹ آباد کیمپ میں بھجوایا جائیگا۔

دوسری جانب قومی ٹیسٹ کپتان مصباح الحق نے عمرے کی سعادت حاصل کرنے کے بعد تاخیر سے این سی اے میں دیگر کھلاڑیوں کو جوائن کیا، البتہ بیرون ملک سے واپس آنے پر تھکاوٹ اور پھر بخار کی وجہ سے ان کا ٹیسٹ موخر کردیا گیا، پی سی بی  کے مطابق مصباح کی فٹنس پاکستان ملٹری اکیڈمی کاکول میں کیمپ کے دوران جانچی جائیگی، بورڈ کے فیلڈنگ کوچ اور ٹرینر گرانٹ لیوڈن ان کا ٹیسٹ لینے کے بعد ڈیٹا تیار کرینگے۔

تبصرے بند ہیں.