ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے سابق سربراہ مالی بے ضابطگیوں میں ملوث ہونے پر گرفتار

ایف آئی اے کے کرائم سرکل ڈیپارٹمنٹ نے ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے سابق سربراہ عابد جاوید اکبر کو ادارے میں مالی بے ضابطگیوں میں ملوث ہونے پر گرفتار کرلیا۔ ایف آئی اے نے رواں سال جولائی میں ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی میں مالی اسکینڈل کی تحقیقات کا آغاز کیا تھا جس میں ٹریڈ سبسیڈیز کی مد میں 5 ارب سے زائد کی مالی بے قاعدگیوں کا ریکارڈ سامنے آیا، اسکینڈل کی تحقیقات شروع ہونے کے وقت وزیر اعظم نواز شریف نے عابد جاوید اکبر کو ان کے عہدے سے برطرف کردیا تھا اور انہیں ایف آئی اے سے تحقیقات میں تعاون کی ہدایت کی تھی تاہم ایف آئی اے سے تعاون کرنے کے بجائے عابد جاوید اکبر اور اتھارٹی کے دیگر افسران روپوش ہوگئے۔ ایف آئی نے اس اسکینڈل میں ملوث ہونے پر 2 روز قبل اتھارٹی کے سابق ڈائریکٹر جنرل عبد الکریم داؤد پوتا کو گرفتار کیا جن کی نشاندہی پر آج عابد جاوید اکبر کی ان کی خفیہ رہائش گاہ سے گرفتاری عمل میں آئی۔ واضح رہے کہ اس سے قبل اتھارٹی کے ایک اور سابق سربراہ طارق اقبال پوری کو بھی اسکینڈل میں ملوث ہونے پر گرفتار کیا جاچکا ہے۔

تبصرے بند ہیں.