وفاق سے فنڈز نہ ملنے کی وجہ سے سندھ کابجٹ متاثرہوا، قائم علی شاہ

کراچی: وزیراعلیٰ سید قائم علی شاہ نے سندھ اسمبلی کے بجٹ اجلاس میں اظہارخیال کرتے ہوئے کہا کہ وفاق کی جانب سے فنڈز نہ ملنے کی وجہ سے صوبے کا بجٹ متاثرہوا اس موقع پر انہوں نے ایک بارپھر ایم کیوایم کو حکومت میں شمولیت کی دعوت بھی دی۔ سید قائم علی شاہ نے متحدہ قومی موومنٹ کوحکومتی بینچوں پربیٹھنے کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ وہ ایم کیوایم کے قائد الطاف حسین سے آئے دن کی ہڑتالوں پر نظرثانی کی اپیل کرتے ہیں کیوں کہ ان ہڑتالوں سے نہ صرف کراچی بلکہ پورے ملک کا نقصان ہورہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وفاق کی جانب سے فنڈز نہ ملنے کی وجہ سے سندھ کا بجٹ متاثرہوا، سیلز ٹیکس سروسز پر صوبوں کے حق کو ہم نے منوایا تھا اور4 ماہ حکومت سے الگ رہنے کے باجود اس سال 30 جون تک سیلز ٹیکس کی مد میں 32 ارب روپے جمع کرلئے جب کہ آئندہ سال 42 ارب ورپے تک جمع کرلیں گے۔ قائم علی شاہ نے کہا کہ صوبے اور وفاق کے درمیان ایک معاہدہ ہوا تھا کہ اگر قومی گرڈ اسٹیشن سے کراچی کو بجلی کی فراہمی روکی گئی تواس کے بدلے ہمیں فرنس آئل فراہم کیا جائے گا تاکہ ہم اپنی بجلی خود پیدا کرسکیں لیکن اگر وفاق نے کراچی کو فراہم کی جانے والی 600میگاواٹ بجلی کم کی تو اس سے صنعتی، تجارتی اورگھریلو صارفین کو شدیدمشکلات کا سامنا کرنا پڑے گا۔ اجلاس میں مسلم لیگ فنکشنل کے ارکان نے پوائنٹ آف آرڈرپرسانگھڑ سمیت صوبے کے مختلف شہروں میں حزب اختلاف کے حامیوں کے خلاف انتقامی کارروائیوں کا معاملہ اٹھایا تو اسپیکرنے انہیں بولنے کی اجازت نہ دی جس پر فنکشنل لیگ کے ارکان ایوان سے واک آؤٹ کرگئے اس موقع پر مسلم لیگ (ن) کےارکان نے بھی ان کی حمایت میں ایوان سے واک آؤٹ کیا۔

تبصرے بند ہیں.