وسطی یورپی ممالک میں بارشوں کے بعد سیلاب، 8 افراد ہلاک، متعدد لاپتہ
یورپ کے کئی ممالک میں شدید بارشوں کے باعث آنے والے سیلابوں نے تباہی مچادی ہے جس کے نتیجے میں 8 افراد ہلاک جب کہ ہزاروں افراد اپنا گھر بار چھوڑ کر محفوظ مقامات کی جانب منتقل ہوگئے۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق سیلاب سے جرمنی کے بعض علاقے، آسٹریا اور چیک ری پبلک زیادہ متاثر ہوئے ہیں جہاں اب تک کم از کم 8 افراد کی ہلاکت کی تصدیق ہوچکی ہے،چیک ری پبلک کے دارالحکومت پراگ کو سیلابی ریلوں سے بچانے کے لیے حکام شہر کے ساتھ بہنے والے دریائے والٹوا پر حفاظتی بند باندھ رہے ہیں،دریا میں آنے والی طغیانی کے باعث شہر کا تاریخی مرکزی علاقہ پہلے ہی زیر آب آچکا ہے، حکام نے شہر میں ہنگامی حالت نافذ کردی ہے جب کہ تمام اسکول اور میٹرو اسٹیشنز بھی بند کر دیئے گئے ہیں۔ جرمنی کے جنوب اور مشرقی علاقے بھی سیلابی ریلوں کا نشانہ بنے ہیں جب کہ 3 دریاؤں کے سنگم پر واقع جرمن شہر پساؤ سیلابی ریلوں کے باعث زیر آب آگیا جہاں پانی کی سطح 1954 میں آنے والے ریکارڈ سطح کے سیلاب سے بھی بڑھ گئی ہے، شہر کے ہزاروں رہائشی اپنا گھر بار چھوڑ کر محفوظ مقامات کی جانب چلے گئے ہیں جب کہ دیگر شہر میں دیگر پھنسے افراد کو امدادی اہلکار کشتیوں کے ذریعے نکال رہے ہیں۔ محکمہ موسمیات کے مطابق حالیہ بارشوں کا سلسلہ مزید ایک دن تک جاری رہنے کا امکان ہے۔
تبصرے بند ہیں.